تجاریونین چترال کی وفد کی تجار یونین دروش کے صدر سے ٹنل میں سے بڑی گاڑیوں پرپابندی کے حوالے سے ملاقات پابندی نہ اُٹھانے کی صورت میں احتجاج اور پہیہ جام ہڑتال کرنے کا فیصلہ
چترال(نمائندہ چترال ایکسپریس)تجاریونین چترال کے وفد کی صدر تجاربشیر احمد کی قیادت میں تجار یونین دروش کے صدرحاجی گل نواز سے ملاقات میں چترال کے لئے بڑی گاڑیوں پر عائد پابندی کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔تجار یونین چترال اور تجار یونین دروش نے متفقہ طورپر بڑی گاڑیوں پر مجوزہ پابندی کو چترالی عوام کے ساتھ زیادتی قرار دیتے ہوئے اس فیصلے کو مسترد کردیا۔اس بات پر اتقاق کیا گیا کہ اس فیصلے سے سیمنٹ اورسریا کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا جس کا براہ راست اثر عوام پرپڑے گا جس کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ملاقات میں اس بات پراتفاق کیا گیا کہ اگر حکومت نے یہ فیصلہ واپس نہیں لیا تو تمام سیاسی جماعتوں اور تاجر تنظیموں کا مشترکہ اجلاس بلاکر آئیندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائیگا۔دونوں یونینز نے ڈسٹرکٹ انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس ظالمانہ فیصلے پر نظر ثانی کرے بصورت دیگر شدید احتجاج کیا جائے گا اور اگر ضرورت پڑی تو شراکت داروں سے مشاورت کے بعد پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا جائے گا اور یہ احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک چترال انتظامیہ اس ظالمانہ فیصلے پر نظرثانی نہیں کرتی۔