اے کے آر ایس پی کے زیر انتظام یوروپین یونین کے تعاون سے لوئر چترال میں یوتھ کنونشن کا انعقاد

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس) لوئر چترال کے ہیڈ کوارٹر چترال ٹاؤن کے ایک مقامی ہوٹل میں ایل ایس یوتھ کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس کنونشن کا انعقاد اے کے آر ایس پی کے زیر انتظام چلنے والے پروجیکٹ “بلڈنگ ریزیلئینس آف سول سوسائٹی آرگنائزیشنز اینڈ یوتھ ٹو کووڈ-19 ان گلگت بلتستان اینڈ چترال” کے تحت کیا گیا۔ جس کے لیے یوروپین یونین نے مالی معاونت کی ہے۔

یوتھ کنونشن کا موضوع تھا، ریزیلئینٹ سول سوسائٹی، ریزیلئینٹ چترال اور اس کنونشن میں چترال سے تعلق رکھنے والے مختلف طبقۂ فکر کے افراد نے شرکت کی ۔ کنونشن کا باقاعدہ افتتاح تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کے بعد اے کے آر ایس پی قائم مقام آر پی ایم جناب فرید احمد نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور پروجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس کے بعد “چترال کے تناظر میں کووڈ 19 کے مسائل” کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فیاض رومی نے سیر حاصل گفتگو کی اور شرکاء کے سوالوں کا جواب دیا۔ انہوں نے ویکسین لگانے کے فوائد اور ایس او پیز پر عملدارآمد کو یقنی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کووڈ 19 کے حوالے سے اے کے آر ایس پی کے کردار اور کاموں کی بھی تعریف کی۔

 

دوسرے سیشن میں ہیڈ آف مینیجمنٹ سائنسز ڈیپارٹمنٹ یونیورسٹی آف چترال کے ڈاکٹر منصور اللہ بیگ نے “وبا کے دنوں میں ڈیجیٹل کاروبار کے مواقع” کے عنوان سے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن  کی مدد سے شرکاء کو محظوظ کیا۔

کنونشن کے تیسرے سیشن کا آغاز پریس کلب کے ممبر اور ممتاز صحافی محکم دین کے سیشن سے ہوا جس میں انہوں نے سوشل میڈیا کے ابھرتے ہوئے کردار سے متعلق تفصیلاً بات کی۔ چوتھا سیشن “یوتھ لیڈرشپ اور انسٹیٹیوشنل ڈیویلپمنٹ” پر تھی جس کے ریسورس پرسن اے کے آر ایس پی کے سابق آر پی ایم اور انسٹیٹیوشنل ڈیویلپمنٹ ایکسپرٹ فضل مالک تھے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ معاشرے کی بہتری میں فعال کردار ادا کریں اور ایل ایس او کے ساتھ مقامی تنظیمات کے امور میں بھی حصہ لیں۔ انہوں نے مقامی تنظیمات اور ایل ایس او کے جنرل باڈی اور فیصلہ سازی میں نوجوانوں کی شمولیت پر بھی زور دیا۔ “مقامی کھیلوں کی ترقی اور روزگار کے مواقع” کے عنوان سے ضلعی اسپورٹس آفیسر حاجی فاروق اعظم نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اسپورٹس اکانومی پر تفصیلی بات کی۔ جس کے بعد اوپن فورم میں شرکاء کی جانب سے سوالات کا مقررین کے پینل نے جوابات دئیے۔

کنونشن کے اختتامی کلمات میں اے کے آر ایس پی کے فرید احمد صاحب نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے کی بہتری کے لیے ادارے کی کوششیں اس وقت تک کامیاب نہیں ہوسکتیں جب تک معاشرہ بھی اس میں اپنا کردار ادا نہ کرے۔ انہوں تمام شرکاء کا کنونشن میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔