تازہ ترین

وزیراعلی محمود خان کی تمام ڈپٹی کمشنرز کو بارشوں اور برفباری سے متاثرہ خاندانوں کو ریلیف کی بروقت فراہمی کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت

پشاور(چترال ایکسپریس)وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے حالیہ بارشوں اور برفباری کی وجہ سے صوبے کے مختلف اضلاع میں مکانات کی چھتیں گرنے سمیت دیگر حادثات کے نتیجے میں بارہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور مال و املاک کو پہنچنے والے نقصانات پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جان بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی معفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے ، انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ وزیر اعلی نے ان واقعات میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ درایں اثناء وزیر اعلی صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اپنے اضلاع میں بارشوں اور برفباری سے متاثرہ خاندانوں کو ریلیف کی بروقت فراہمی کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلی نے تمام متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو برفباری کی وجہ سے بند سڑکوں کو کھولنے کےلئے روڈ کلیرنس آپریشن جلد شروع کرنے اور پھنسے ہوئے مسافروں اور سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرکے انہیں تمام تر درکار سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ درایں اثناء مختلف اضلاع سے موصول رپورٹس کے مطابق وزیر اعلی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں برفباری سے متاثرہ اضلاع اور سیاحتی مقامات میں انتظامیہ کی طرف سے تمام دستیاب افرادی قوت اور مشینری کے ساتھ سڑکوں سے برف ہٹانے اور رابطہ سڑکوں کو بحال کرنے کے لئے اقدامات کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے اور متعدد رابطہ سڑکوں کو آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں

زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔