وزیراعلی محمود خان مختلف اضلاع میں بارشوں اور برفباری کی وجہ سے مختلف حادثات میں سات قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار

پشاور(چترال ایکسپریس)وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں اور برفباری کی وجہ سے مکانات کی چھتیں گرنے سمیت مختلف حادثات میں سات قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ وزیر اعلی نے ان حادثات میں مال املاک کو پہنچنے والے نقصانات پر بھی افسوس اظہار کیا ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی معفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ انہوں نے ان واقعات میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے، انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ وزیر اعلی نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو متاثرین کو ہر ممکن ریلیف کی فراہمی کے لئے ضروری کاروائی عمل میں لانے جبکہ ان واقعات میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی کی فراہمی کو بھی یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ انہوں نے بارشوں اور برفباری سے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو لینڈ سیلائیڈنگ اور برفباری کی وجہ سے آمدورفت کے لئے بند سڑکوں کو کھولنے کے لئے بروقت اقدامات اٹھانے اور اس مقصد کے لئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔