وزیر اعلیٰ محمود خان کی کیچ میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت
پشاور(چترال ایکسپریس)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے گزشتہ دنوں بلوچستان کے علاقہ کیچ میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے میں پاک فوج کے دس جوانوں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے شہداءکے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداءکے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور قوم کو پاک فوج کی قربانیوں پر فخر ہے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاک فوج کے جوانوں کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔