تجاریونین لوئرچترال کے وفد کی ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹروولر چترال لوئر سے ملاقات، بازار اور تاجروں سے متعلق مختلف مسائل زیر بحث 

چترال(چترال ایکسپریس)تجاریونین ؎ لوئرچترال کے وفد کی ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹروولر چترال لوئر سے ملاقات،وفد کی قیادت بشیر احمد صدر تجار یونین چترا ل لوئر کررہے تھے۔ملاقات میں بازار اور تاجروں سے متعلق مختلف مسائل زیر بحث آئے۔وفد نے آئے روز کے ناروا جرمانوں پر اپنے تحفظات سے ڈی ایف سی چترال کو آگاہ کیا۔وفد نے ڈی ایف سی کو بتایا کہ ایک طرف تاجروں کو نئے نرخنامے جاری نہیں کئے جاتے اور دوسری طرف نرخنامے کے مطابق کاروبار کرنے پر اصرار کیا جارہاہے اور بھاری جرمانے کیے جارہے ہیں جس کی وجہ سے چترال کے تاجربہت زیادہ پریشان ہیں۔
وفد نے ڈی ایف سی کو بتایاکہ روزانہ کی بنیاد پر مختلف محکموں کی طرف سے دکانوں پر چھاپے مارنے اور جرمانے کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور ہرسرکاری محکمہ اپنا حق سمجھ کرتاجروں کو تنگ کررہا ہے جس کی وجہ سے تاجر ذہنی تناؤ کا شکار ہوچکے ہیں اور اگر یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو اس کے نتائج بہت بُرے ہونے کے امکانات ہیں لہذااس حوالے سے تما م محکموں اور تجار یونین لوئر کا ایک مشترکہ اجلاس جلد از جلد بلاکر ذمہ داریوں کے تعین کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ آئے۔
ڈی ایف سی چترال نے وفد کو یقین دلایا کہ تاجروں کے مسائل کو حل کرنے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی تاکہ وہ پُرامن اور پرسکون ماحول میں اپنا کاروبار کرسکیں۔ذمہ داریوں کے تعین کیلئے ڈی سی چترال کے مشورے سے عنقریب تجاریونین اور متعلقہ سرکاری محکموں کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔