اولڈ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن ایون کے زیر اہتمام جنالی بازار ایون میں صاف پانی کے حوالے سےآگہی واک اور جلسے کا انعقاد

چترال ( محکم الدین ) صاف پانی قدرت کا انمول تحفہ ہے لیکن لوگوں کی غیر دانشمندانہ اقدامات ، آبی وسائل کی حفاظت کے فقدان اور عدم آگہی کی وجہ سے پانی کی فراوانی کے باوجود عوام ایون صاف پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں ۔ جس کی تمام تر ذمہ داری خود مقامی لوگوں پر عائد ہوتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہاراولڈ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن ایون کے زیر اہتمام جنالی بازار ایون میں صاف پانی کے حوالے سے منعقدہ آگہی واک اور جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا ۔ سابق ناظم یو سی ایون مولانا عماد الدین کی زیر صدارت اس جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین عبد الصمد صابر ، خالد ظفر اور مولانا عماد نے کہا کہ علاقہ ایون پانی کی فراوانی کے لئے پورے چترال میں مشہور ہے ۔ اور سینکڑوں چشموں کے خزانے، نہری نظام اور بالائی پہاڑوں پر گلیشیرز سے بھرے جھیلوں کی بدولت نالہ ایون میں پانی کی فروانی ہے۔ لیکن مقامی لوگوں ، کاروباری افراد اور ہوٹل مالکان کی غفلت ، بے توجہی ، اور آبی آلودگی سے آگاہ نہ ہونے کے باعث آج پورا علاقہ صاف پانی کو ترس رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایون میں واٹر سپلائی نظام بری طرح خراب ہے  اس لئے لوگ نہروں کا پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں لیکن نہروں کی حالت بھی انتہائی طور پر خراب ہے ۔ پلاسٹک سے لے کر بچوں کے پمپر تک اور گھروں میں استعمال شدہ پانی اور کوڑا کرکٹ نہروں میں ڈال دیے جاتے ہیں ۔ اور صفائی کا ذرا برابر خیال نہیں کیا جاتا ۔ یوں قدرت کے اس تحفے کی ناقدری کے سبب روز بہ روز صاف پانی کی قلت ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج پانی خود اپنی صفائی کی دہائی دے رہا ہے ۔ جبکہ پانی سے پاکی اور طہارت حاصل کی جاتی ہے ۔ اس موقع پر ایک قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ ایون میں پینے کے صاف پانی کا مسئلہ حل کیا جائے۔ مقامی لوگ نہروں میں گندگی اور کوڑا کرکٹ پھینکے سے اجتناب کریں ۔ گاڑیوں کی مختلف روڈز پر سروس کا سلسلہ بند کیا جائے۔ قصاب خانے کے چھیتڑے مرغیوں کے فضلات نہروں اور نالوں میں پھینکنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔ اور آوارہ کتوں کو متعلقہ ادارہ ہلاک کرے اور انہیں ٹھکانے لگانے کا انتظام کرے ۔ اس موقع پر ایون کے سابق ایس ایچ او ابرار کی کارکردگی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا اور موجودہ ایس ایچ او کا خیرمقدم کرنے کے ساتھ ساتھ اس توقع کا اظہار کیا گیا کہ وہ منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کرکے نوجوان نسل کو اس زہر سے نجات دلانے میں اہم کردار ادا کریں گے ۔ قبل ازین درخناندہ بازار سے جنالی بازار تک صاف پانی کی اہمیت کے حوالے سے واک کیا گیا ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔