وزیراعلیٰ محمود خان کی ضمنی بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کے کامیاب اُمیدواروں کو مبارک باد

پشاور(چترال ایکسپریس)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کے کامیاب اُمیدواروں کو مبارک بادپیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ری پولنگ میں پاکستان تحریک انصاف نے ڈیرہ، کرک اور بنوں سمیت دیگر اضلاع میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں جو پارٹی کارکنان کی محنت اور باہمی اتحاد کا ثمر ہیں۔پیر کے روز اس سلسلے میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے ری پولنگ میں پی ٹی آئی کی شاندار انداز میں واپسی پر کارکنان کو بھی مبارک باد پیش کی ہے اور ری پولنگ کے پر امن انعقاد پر متعلقہ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ محمود خان نے اُمید ظاہر کی کہ انشاءاللہ پی ٹی آئی بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ اُنہوںنے اس موقع پر کارکنان پرزور دیا کہ وہ بھر پور انداز میں دوسرے مرحلے کے انتخابات کی تیاریاں جاری رکھیںاور اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں۔محمود خان نے کہاکہ جو لوگ اپنے گھر میں بلدیاتی انتخابات نہیں جیت سکتے وہ حکومت گرانے کی باتیں کر رہے ہیں،ری پولنگ کے نتائج سے پتہ چل گیا ہے کہ عوام پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں اور موجودہ حکومت کی پالیسیوں اور اقدامات سے مطمئن ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ عمران خان کی قیادت میں ملک درست سمت میں چل رہا ہے،اپوزیشن عمران خان کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت سے خائف ہے۔ محمود خان نے کہاکہ عوام نے مفاد پرست ٹولے کو یکسرمسترد کردیا ہے اور اب پی ٹی آئی ہی عوام کی اُمیدوں کا واحد مرکز ہے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔