جماعت اسلامی چترال کے تمام نامزد امیدوار 31مارچ کواکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔،سنیٹر مشتاق احمد خان کی پریس کانفرنس

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر سنیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور پی ٹی آئی ایک ساتھ نہیں چل سکتے، عمران خان اس ملک پر ناجائز برداشت بوجھ ہے اور ملک کو بچانے کے لئے پی ٹی آئی اور عمران خان سے نجات حاصل کرنا ناگزیر ہے کیونکہ موجود ہ حکومت کا ساڑھے تین سال کا دور مہنگائی وگرانی، غربت میں اضافہ، امن وامان کی بدترین صورت حال، ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کرنے اور بین الاقوامی سطح پر ملک کو تنہائی سے دوچار کرنے کی شرمناک داستان سے عبارت ہے۔ پیر کے روز چترال میں پارٹی کے مقامی رہنماؤں ایم این اے مولانا عبدالاکبر چترالی، سابق ضلع ناظم مغفرت شاہ، مولانا اخونزادہ رحمت اللہ، مولانا جاوید حسین اور وجییہ الدین کی معیت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت ہر لحاظ سے ناکام ہے جس نے عوام کو دکھ، درد اور تکالیف کے سوا کچھ نہیں دیا اور پاکستان کو مخدوش حالات کی طرف دھکیل دیا اور ملک میں مہنگائی کی شرح میں 18فیصد اضافہ ہوگیا ہے جوکہ اس ریجن میں بلندتریں ہے جبکہ پٹرول کی قیمت 160روپے فی لٹر کی سطح کی بلند تریں حد کو چھورہی ہے جس کے نتیجے میں چار سو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس ظالم حکومت نے عوام پر پٹرول بم گرانے کے بعد بھی ظلم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر جنوری کے ماہ میں عوام کے جیب سے 60ارب ر وپے، فروری میں 30ارب روپے بٹورنے کے بعد مارچ میں 60ارب روپے بٹورنے کی تیاری کررہی ہے جوکہ ڈاکہ، بھتہ خوری، معاشی دہشت گردی سے کسی طور پر کم نہیں ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنما نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیاکہ صوبہ خیبر پختونخوا میں پانی سے ماحول دوست بجلی بننے کے باوجود یہاں کے صارفین سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پر غنڈہ ٹیکس لیا جارہا ہے اور اگلے ماہ گیس کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کیا جارہا ہے جس کے لئے اوگراایکٹ پاس کرلی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سفارتی فرنٹ میں بھی پاکستان تباہی کے کنارے پر کھڑی ہے اوریہ ہمارے لئے باعث شرم ہے کہ سعودی عرب کے آرمی چیف نے انڈیا کا نہ صرف سرکاری دورہ کیا بلکہ دفاعی معاہدے بھی کئے اور معاہدے پر دستخط کرتے وقت دیوار پر سقوط ڈھاکہ پر جنرل نیازی کی دستخط کی تصویر لگائی گئی تھی تاکہ ہمارے زخم دوبارہ ہرے ہوجائیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت نے پارلیمنٹ کو عضو معطل بنا کر رکھ دیا ہے کیونکہ پارلیمنٹ میں قانون سازی کی بجائے آرڈیننس سے کام لیا جارہا ہے اور حال ہی میں الیکٹرانک کرائمز کنٹرول ایکٹ اور الیکشن رولز میں ترمیمی ایکٹ پی ٹی آ ئی حکومت کی پیشانی پر بد نما داغ اور فاشزم سے کسی بھی طور پر کم نہیں۔ انہوں نے ان دونوں قوانین کو یکسر مسترد کرتے ہوئے انہیں آزادی اظہار کا گلہ دبانے اور الیکشن میں دھاندلی کی راہیں ہموار کرنے کی تیاری قرار دیا اور کہاکہ جماعت اسلامی اس کے خلاف مزاحمت پیش کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کا اسلام آباد میں حکومت کے خلاف 101واں دھرنا فیصلہ کن ثابت ہوگا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ چترال جماعت اسلامی کا مضبوط قلعہ اور گڑھ ہے اور 31مارچ کا دن جماعت اسلامی کے لئے صبح نوید لے کر طلو ع ہوگا جب اس کے تمام نامزد امیدوار اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔