قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن 27مارچ کو چترال کا دورہ کرینگے، دستار فضیلت کانفرنس سے خصوصی خطاب اور کارکنوں سے ملاقات ہوگی
چترال (چترال ایکسپریس) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن مارچ کے آخری ہفتے چترال کا دورہ کرینگے۔ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن چترال میں دستار فضیلت کانفرنس سے خطاب کرینگے۔ اس حوالے سے جمعیت علماء اسلام ضلع چترال لوئر کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اس سال مختلف مدارس سے فارغ التحصیل طلباء کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا جارہا ہے جسے ”دستار فضیلت کانفرنس“ کا نام دیا گیا، اس کانفرنس میں مولانا فضل الرحمن کے علاوہ ممتاز عالمدین مولانا تقی عثمانی اور وفاق المدارس کے قاری حنیف جالندھری کی شرکت بھی متوقع ہے۔ جمعیت کے ذرائع کے مطابق دورے کے موقع پر قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن چترال میں ”دستار فضیلت کانفرنس“ سے خطاب کرنے کے علاوہ پارٹی کارکنان کیساتھ بھی ملاقات کرینگے جبکہ چترال میں جمعیت علماء اسلام اور پاکستان مسلم لیگ نوا ز کے کابینہ کے اراکین کے ساتھ خصوصی نشست بھی رکھیں گے۔
اس حوالے سے جمعیت علماء اسلام چترال لوئر نے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔
بلدیاتی انتخابا ت کے حوالے سے انتخابی مہم کے بالکل آخری دنوں میں مولانا فضل الرحمن کے دورہ چترال سے جمعیت علماء اسلام کوانتخابی میدا ن میں مزید تقویت ملنے کے قوی امکانا ت ہیں۔