سابق ناظم مغفرت شاہ چترالی قوم کو نسلی تعصب کی شہ دیکر کراچی بنانے کی کوشش نہ کریں،شہزادہ شوکت الملک
چترال(چترال ایکسپریس)شہزادہ شوکت الملک امیدوار تحصیل ناظم دروش نے اپنے حلقے کے عوام کو اس بات سے آگاہ کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا ہےکہ سابق ناظم مغفرت شاہ چترال کی پر امن سرزمین کو اپنی متعصبانہ سیاست سے مکدر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کی وہ بھر پور مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ اس ضلع میں رہنے والے تمام لوگ صدیوں سے اس وادی میں پرامن طریقے سے رہ رہے ہیں ہماری سیاسی طور پر ایک دوسرے سے اختلافات ہو سکتے ہیں لیکن اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ ہم ایک دوسرے کے دشمن ہیں۔ ایوبیین برادری کےبےشمار لوگ جماعت اسلامی،جمعیت علماۓ اسلام، اے این پی، پی پی پی، پی ٹی آٸی اور دوسری سیاسی جماعتوں سے وابستہ ہیں۔اس طرح بہت سے دوسری برادریوں کے لوگ میری حمایت کر رہے ہیں بلکہ دل وجان سے میرے لیے کام کر رہے ہیں۔ اس سیاسی اختلاف کو بنیاد بنا کر قبیلوں اور برادریوں کے درمیان منافرت پھیلانا انتہاٸی قابل مذمت کام ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں ہمارا مذہب اسلام بھی اسکی اجازت نہیں دیتا ۔چترال کے باشعور عوام اس طرح کے ہتھکنڈوں کو پہلے بھی مسترد کر چکے ہیں، آج اور کل بھی مسترد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آخر میں میری سابق ناظم مغفرت کی خدمت گزارش ہوگی کہ وہ چترالی قوم کو نسلی تعصب کی شہ دیکر کراچی بنانے کی کوشش نہ کریں۔یہ جماعت اسلامی کے منشور کی بھی سراسر خلاف ورزی ہے۔ جو لوگ جماعت اسلامی کے لیٹریچر کا مطالعہ کر چکے ہیں اس بات کا ان کو بخوبی علم ہے۔اس لیے ان لوگوں کا فریضہ بنتا ہے کہ وہ اس طرز سیاست پر مغفرت شاہ کا مواخذہ کریں۔