اپوزیشن تحریک عد م اعتماد لانے کا شوق پورا کرلے۔ انشاءاللہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں عبرتناک شکست دیں گے۔ وزیر اعلی محمود خان
پارٹی کی صفوں میں مکمل اتحاد ہے۔ دوتہائی اکثریت حاصل ہے۔ ہم سب عمران خان کی قیادت میں متحد ہے۔ محمود خان
پشاور(چترال ایکسپریس)وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے اپوزیشن کی طرف سے صوبائی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے بیان پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو عوامی اور پارلیمانی حمایت حاصل ہے، اپوزیشن تحریک عد م اعتماد لانے کا شوق پورا کرلے انشاءاللہ انہیں عبرتناک شکست دیں گے۔ یہان سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے کہا ہے کہ پارٹی کی صفوں میں مکمل اتحاد ہے اور صوبائی حکومت کو ایوان میں دوتہائی اکثریت حاصل ہے اور ہم سب عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن گھبراہٹ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے، پی ٹی آئی اور عمران خان کی عوامی مقبولیت پہلے سے بڑھ گئی ہے،خیبرپختونخوا پہلے بھی عمران خان کا تھا، آج بھی ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔ محمود خان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپوزیشن کی سیاست ختم کردی ہے، اب ان کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں اور وہ اپنی ڈوبتی کشتی کو بچانے کے لئے مختلف ہربے آزما رہے ہیں لیکن ان کے ہاتھ کچھ نہیں لگے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چور ٹولے کا نہ کوئی منشور ہے نہ ایجنڈا، یہ صرف اپنی کرپشن بچانے کی کوشش کر رہے ہیں ، حکومت اپنی آئینی مدت ہر صورت پوری کرے گی،اپوزیشن تسلی رکھے اگلی باری بھی پی ٹی آئی کی ہے۔