خیبر پختونخوا اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیر اعلی محمود خان کی زیر صدارت منعقد

پشاور(چترال ایکسپریس)خیبر پختونخوا اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پیر کے روز وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی محمود جان سمیت پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے تمام ممبران صوبائی اسمبلی اور صوبائی وزراءنے شرکت کی۔ اجلاس میں اسمبلی اجلاسوں سے متعلق معاملات اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اجلاس کے شرکاءنے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ محمود خان کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی محمود خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی مکمل طور پر متحد ہے اور کوئی مائی کا لال صوبے میں پی ٹی آئی کے ممبران اسمبلی میں رخنہ نہیں ڈال سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ممبران صوبائی اسمبلی عمران خان کے سپاہی ہیں اور وہ صوبے میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ وزیر اعلی نے اراکین اسمبلی اور وزراءپر زور دیا کہ وہ اسمبلی کے اجلاسوں میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں اور اسمبلی کی کاروائیوں میں بھر پور حصہ لیں۔ دریں اثناء وزیر اعلی نے اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے دوران سابقہ قبائلی اضلاع کے پراجیکٹ ملازمین کی مستقلی سے متعلق بل پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے سابقہ قبائلی اضلاع کے تمام پراجیکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کا جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کر دیا گیا ہے اور اب تک کم و بیش چار ہزار ملازمین کو مستقل کردیا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ ملازمین کو بھی مستقل کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔