ضم اضلاع کے تمام سرکاری محکموں میں خالی آسامیوں کو جلد پرُ کرنے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں،وزیراعلیٰ محمودخان

پشاور(چترال ایکسپریس)وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ضم اضلاع کے تمام سرکاری محکموں میں خالی آسامیوں کو جلد پرُ کرنے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ ضم شدہ اضلاع میں سرکاری محکموں کو مضبوط بنا کر عوام کو سروس ڈیلیوری کے معیار کو بہتر بنایا جاسکے۔ انہوں نے تمام صوبائی وزراءاور انتظامی سیکرٹریوں کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے محکموں کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے ماہانہ بنیادوں پر اجلاس منعقد کرکے ترقیاتی فنڈز کی یوٹیلائزیشن سے متعلق رپورٹ پیش کریں اور رواں سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل جو منصوبے ابھی تک متعلقہ فورم سے منظور نہیں ہوئے ،اس سال جون تک ایسے تمام منصوبوں کی منظوری کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعلی نے محکمہ بلدیات اور دیہی ترقی کو ہدایت کی ہے کہ صوبائی کابینہ کے گذشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلے کے مطابق ٹاون میونسپل انتظامیہ کی تمام فائر بریگیڈ گاڑیوں کو ایک ہفتے کے اندر اندر ریسکیو 1122 کے حوالے کیا جائے۔ یہ بات وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہی۔ صوبائی کابینہ کا 69 واں اجلاس وزیر اعلیٰ خیبر پختونخو محمود خان کی زیر صدارت منگل کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں صوبائی وزرائ، چیف سیکرٹری،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور انتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی۔
بیرسٹر نے کہا کہ کابینہ نے ضم شدہ ضلع جنوبی وزیرستان کو دو اضلاع میں تقسیم کرنے کی منظوری دی جو جنوبی وزیرستان اَپر جس کا ضلعی ہیڈکوارٹرز سپین کئی رخزئی اورجنوبی وزیرستان لوئر جس کا ہیڈ کوارٹرز وانا ہوگا ،پر مشتمل ہوں گے۔ضلع جنوبی وزیرستان اَپر میں شوال، لادہ، مکین، تیارزہ، سروکئی، شکوئی کے علاقے شامل ہوں گے جبکہ جنوبی وزیرستان لوئر میں وانا،شاکئی،لوئے خولہ اور برمال شامل ہوں گے۔
صوبائی کابینہ نے سب ڈویثرن وزیر سابقہ ایف آر بنوں میں عوام کی سہولت کے پیش نظر دو نئی سب تحصیلوں احمد زئی وزیر اور اُتمان زئی وزیر کے قیام کی منظوری دیدی جن کے ہیڈ کوارٹرز بالترتیب تحصیل ڈومیل اور تحصیل بکا خیل ہوں گے۔احمد زئی سب تحصیل یونین کونسل گمبٹی اور دریوبہ پر مشتمل ہوگی۔اتمان زئی سب تحصیل بکا خیل اور جانی خیل یوسی پر مشتمل ہوگی اور اس میں ویلج کونسل شوئی خیل، جانی خیل، گُر بز اور سرقولا شامل ہوں گے۔
صوبائی کابینہ نے صوبے میں لائیو سٹاک کے شعبے کی ترقی کیلئے ڈویلپمنٹ اسٹرٹییجی اور 10سالہ بزنس پلان کی منظوری دیدی جس کا مقصد جانوروں کی صحت کیلئے اقدامات اور بیماریوں کی روک تھام کیلئے منصوبے شروع کرنا ہے جس پر مجموعی طورپر 89بلین روپے لاگت آئے گی۔کابینہ نے صوبے میں مچھلیوں کی افزائش نسل اور صوبے کے ریونیو میں اضافے کیلئے نئےFisheries Act 2021کی منظوری دیدی۔ نئے ایکٹ کے تحت صوبے میں فیشریز پارکس کے قیام، غیر قانونی فشنگ پر جرمانے عائد کرنے وغیرہ جیسے اقدامات،بریڈنگ کے وقت میں غیر قانونی فشنگ پر 5لاکھ روپے تک جرمانے اور لائسنسنگ کا نظام قائم کیا جائےگا۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔