پشاورہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کی موجودہ کشیدہ سیاسی صورت حال میں سیکورٹی فورسز کے کردار کی تعریف

پشاور (چترال ایکسپریس ) پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے ملک کی سیاسی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جمہوری عمل کی تسلسل، پارلیمنٹ اور آئین کی بالادستی کو برقرار رکھ کر ہی ملک کو موجودہ نازک صورت حال سے بحفاظت باہر نکالنے کا ذریعہ قرار دے دیا ہے۔ بدھ کے روز جاری کردہ ایک مشترکہ پریس ریلیز میں ایسوسی ایشن کے صدر بہلو ل خٹک ایڈوکیٹ اور سیکرٹری جنرل قیصر زمان ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ جوڈیشری کسی ریاست کا اہم ستون ہوتا ہے جس کی آزادی ایک مہذب اور ترقی یافتہ معاشرے کی نشانی ہوتی ہے۔ انہوں نے موجودہ حالات میں جوڈیشری کی کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس نے 1973ء کے آئین اور پارلیمنٹ کے تقدس کو برقرار رکھا اور درست سمت میں فیصلہ صادر کرکے ملک میں سیاسی استحکام کو خطرے سے بچالیا۔ ایسوسی ایشن نے کراچی یونیورسٹی میں خود کش دھماکے کی بھی مذمت کی جس میں تین چینی پروفیسروں سمیت کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ انہوں نے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز پر حملہ کی بھی مذمت کی جس میں پاک فو ج کے کئی جوان اور افسران شہید ہوگئے۔ پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے ملک وقوم کے لئے مسلح افواج کی قربانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ اس ادارے کے خلاف منفی پروپیگنڈا پھیلانے سے احتراز کیا جائے جواس کے مورال کو پست کرنے کا سبب بن سکتی ہے۔ایسوی ایشن نے موجودہ کشیدہ سیاسی صورت حال میں سیکورٹی فورسز کے نیوٹرل کردار کی بھی تعریف کرتے ہوئے سیاسی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ مسلح افواج کو سیاست میں گھسیٹنے کی کوشش نہ کرے کیونکہ افواج کا کام ملک کی سرحدوں کی حفاظت ہے جوکہ یہ بطریق احسن انجام دے رہا ہے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔