شہزادہ محی الدین صاحب کا سانحہ ارتحال…قاری محمد شمس الدین خطیب مزار قائد کراچی

چترال کی سیاست کے طویل عرصے تک بلا شرکت غیر بے تاج بادشاہ رہنے والے، دو بار ایم این اے، ایک بار ضلع ناظم رہنے والے قومی سطح کے سیاسی رہنما شہزادہ محی الدین صاحب بھی آخر کار اپنی متاع جاں سپرد حق کرکے رب کے حضور پہنچ گئے۔۔۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔۔۔ 😭

شہزادہ صاحب مرحوم جب تک سیاسی میدان میں ایکٹو اور فعال رہے، اپنی شخصیت کے سحر اور عوامی مقبولیت کی بنیاد پر حق یہ ہے کہ چترال کی سیاست کی فضا پر چھائے رہے اور طویل عرصے تک بلا شرکت غیر چترالی قوم کی سیاسی رہنمائی اور نمائندگی کا فریضہ انجام دیا۔۔۔ وہ چترال کے شاہی خاندان کے آخری فرد تھے جنہیں جمہوری اور عوامی سیاست میں بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔۔۔ وہ ضعف اور اعذار کی بنا پر تقریبا ایک عشرہ پہلے عملی سیاست سے کنارہ کش ہوگئے تھے اور ایک طرح کی ریٹائرمنٹ کی زندگی جی رہے تھے۔۔۔ وہ ایک وضع دار اور مہذب سیاسی رہنما تھے۔۔۔ ان کی بھرپور سیاسی فعالیت کے دوران سیاسی میدان میں ان کی سخت مخالفت بھی کی گئی مگر ان کا یہ وصف آج ہر کوئی مانتا ہے کہ انہوں نے کبھی اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف بدگوئی اور بد زبانی نہیں کی۔۔۔ وہ سراپا شرافت تھے اور زندگی بھر شرافت کی سیاست کی۔۔۔ اور قومی سطح پر چترالی عوام کی دبنگ انداز میں نمائندگی کی۔۔۔ اختلاف اتفاق سیاسی عمل کا حصہ ہے۔۔ جہاں اس اتفاق اور محبت کرنے والے بڑی تعداد میں موجود ہیں وہاں یقینا ان سے بہت سے لوگوں نے اختلاف بھی کیا مگر یہ سب ان کی سیاست کی حد تک تھا جس سے وہ بہت پہلے کنارہ کش ہوچکے تھے۔۔۔ اب وہ اللہ کے دربار میں حاضر ہو چکے ہیں جہاں کل ہمیں بھی اپنے دفتر عمل کے ساتھ پیش ہونا ہے۔۔۔

 شہزادہ محی الدین صاحب چترالی قوم کے سب سے مقبول رہنما تھے، آج یقیناً ان کے سیاسی کردار اور ذاتی اخلاق و اوصاف سے ہمارے موجودہ اہل سیاست کو سیکھنے کی ضرورت ہے۔۔۔ ان کی وفات بلاشبہ تمام اہل چترال کیلئے صدمہ اور اندوہ کا باعث ہے۔۔۔ ان کے صاحبزادگان سابق ایم این اے شہزادہ افتخار محی الدین اور حالیہ بلدیاتی انتخابات میں تحصیل میئر منتخب ہونے والے شہزادہ پرویز بھی ماشاءاللہ لیاقت، سمجھ بوجھ اور اعلی اخلاقی اقدار میں بڑے شہزادہ صاحب مرحوم کے سچے جانشین ہیں۔۔۔ میں دکھ کی اس گھڑی میں شہزادہ افتخار محی الدین بھائی اور شہزادہ پرویز بھائی سمیت ان کی پوری فیملی سے دلی تعزیت مسنونہ کرتے ہوئے دعا گو ہوں کہ رب تعالٰی شہزادہ صاحب مرحوم کی مغفرت فرمائے اور اپنے قرب خاص سے نوازے آمین ثم آمین۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔