وزیر اعلیٰ محمود خان کی سربند میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے دو افراد کے قتل کا سخت نوٹس
پشاور(چترال ایکسپریس)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے پشاور کے علاقہ سربند میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے دو افراد کے قتل کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس کو قتل میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کے لئے ضروری کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے واقعے کو انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بہیمانہ قتل میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے کسی صورت بچ نہیں سکتے، انہیں جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا اور متاثرہ خاندانوں کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے اس واقعے کو شہر کے پر امن ماحول اور بین المذاہب ہم آہنگی کو خراب کرنے کی مذموم کوشش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ایسی کوششوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ مقتولین کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں اور سکھ برادری کے غم میں برابر کی شریک ہے