شارپ پاکستان کے زیر اہتمام پولیس افسران کے لئے ‘پاکستان میں افغان مہاجرین اور انسانی حقوق ‘کے حوالے سے ایک روزہ سینسی ٹائزیشن ٹریننگ کا اہتمام

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس) غیر سرکاری تنظیم شارپ پاکستان کے زیر اہتمام پولیس افسران کے لئے ‘پاکستان میں افغان مہاجرین اور انسانی حقوق ‘کے حوالے سے یک روزہ سینسی ٹائزیشن ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا جس میں ملکی اور بین الاقوامی قوانین کے ساتھ ساتھ دستور پاکستان میں دئیے گئے انسانی حقوق پر لیکچرز پیش کئے گئے اور شرکاء سے فیڈبیک حاصل کئے گئے۔ مہاجرین کے لئے اقوام متحدہ کا ہائی کمیشن (یو این ایچ سی آر) کی معاونت سے منعقدہ اس پروگرام کے احتتامی نشست میں ڈپٹی کمشنر لویر چترال انورا لحق، ڈسٹرکٹ پولیس افیسر لویر چترال سونیہ شمروز خان، ایس پی انوسٹی گیشن لویر چترال محمد خالد اور شارپ کے چیف ایگزیکٹیو افیسر محمد مدثر نے شرکت کی اور ٹریننگ کے شرکاء میں اسناد تقسیم کئے۔ اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر لویر چترال انور الحق نے اس ٹریننگ کو پولیس کے افسران کے لئے نہایت مفید قرار دیتے ہوئے کہاکہ وہ اس لحاظ سے ایک حساس مقام پر موجود ہوتے ہیں اور انہیں اس حوالے سے مکمل علم اور معلومات کی اشد ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس نوعیت کا پروگرام بارڈر میں تعینات سیکورٹی اہلکاروں کے لئے ناگزیر ہے جوکہ مہاجرین کی آمدورفت پر نظر رکھتے ہیں اور جہاں انسانی حقوق کے محرکات بھی مختلف ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ وکلاء برادری بھی اس پروگرام سے ذیادہ استفادہ کرسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ ضلعے میں حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق کسی ضلعے میں ہیومن رائٹس کا کسٹوڈین اس ضلع کا ڈپٹی کمشنر ہوتا ہے اور ان کی معاونت کے لئے ایڈیشنل ڈی سی بھی موجود ہوتا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس افیسر سونیہ شمروز خان نے پولیس افسران پرزور دیاکہ وہ اس نشست سے حاصل کردہ معلومات اور حقائق کو عملی جامہ پہنانے میں کوئی کوتاہی کا مظاہرہ نہ کرے کیونکہ اتھارٹی کے ساتھ ذمہ داری بھی بڑھ جاتی ہے اور خصوصاً مہاجرین کے ساتھ ڈیلنگ میں ذیادہ حساسیت کا مظاہرہ کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی دستور کے دفعہ نمبر 18سے 28تک انسانی حقوق سے تعلق رکھتے ہیں اور یہ بات بھی حقیقت ہے کہ جامع انسانی حقوق کا تصور تو سب سے پہلے اسلام نے دیا تھا اور یہی وجہ ہے کہ ایک مسلمان پولیس افسر پر انسانی حقوق اور مہاجرین کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آنا اور ان کے حقوق کا خاص خیال رکھنے کی دہری ذمہ داری عائدہوتی ہے۔ اس سے قبل شارپ کے چیف ایگزیکٹیو افیسر محمد مدثر، یواین ایچ سی آر کے نمائندہ مظفر، شارپ کے منیجر لیگل جاوید خان نے انسانی حقوق، انٹرنیشنل ہیومن رائٹس، پاکستان میں افغان مہاجرین کی حیثیت اور ان کے بارے میں لیگل فریم ورک کے ساتھ ساتھ رجسٹریشن اور دوسرے امور پر مقالے پیش کئے جن میں پولیس افسران نے جوش وجذبے سے شرکت کی اور انتہائی دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔