جغور گول روڈ کسی فرد واحد کے لئے نہیں بن رہا ہے بلکہ یہ 2600گھرانوں کا مشترکہ منصوبہ ہے۔علاقہ عمائیدین کی پریس کانفرنس

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس) ویلج کونسل جغور کے چیرمین سجاد احمدخان نے جغور گول روڈ کے لئے فنڈز مختص کرنے پر ڈپٹی کمشنر لویر چترال انور الحق اور ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاہے کہ سڑک کا یہ منصوبہ 2600گھرانوں کے لئے موت وحیات کا درجہ رکھتا ہے اور اس احسان کو عمر بھر نہیں بھول سکیں گے۔ ہفتے کے روز علاقے کے عمائیدین عزن علی شاہ، فضل اکبر، محمد ولی، شربڑانگ، قاری فضل رازق، خورشید احمد، ولی الرحمن، فیض الرحمن، عبداللہ، عبیدالرحمن، عطاء الرحمن، حاجی محمد اور دوسروں کی معیت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جغور گول روڈ کسی فرد واحد کے لئے نہیں بن رہا ہے بلکہ یہ 2600گھرانوں کا مشترکہ منصوبہ ہےجسے استعمال کرکے وہ ابپاشی اور ابنوشی کے پانی کے علاو ہ گرمائی چراگاہ سے استفادہ حاصل کرتے ہیں اور قبر کے لئے پتھر تک وہ اس سڑک سے لاتے ہیں جبکہ بعض عناصر کے کہنے اور اکسانے پر اس عظیم منصبوبے کو متنازعہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ چند گنے چنے افراد جغور گول کے اندر رہائش پذیر 81گھرانوں کو فراموش کرتے ہیں جوکہ قدیم الایام سے یہاں آباد ہیں اور انہیں سڑک کی سہولت سے محروم کرنا انتہائی ذیادتی ہوگی جوکہ اس ترقی یافتہ دور میں بھی اپنے مریضوں کو کندھوں پر اٹھا کرمین روڈ پر لانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس سڑک سے گزر کر ٹریکٹر اور ٹرالی اور مزدا گاڑیاں کئی سالوں تک پتھر اور دوسرے مواد لاتے رہے اور یہ بات بھی ان ریکارڈ ہے کہ عوام جغور کے مطالبے پر جغور گول روڈ کے لئے شہزادہ محی الدین نے 10لاکھ روپے مختص کئے تھے اور یہ بات بھی حقیقت ہے کہ بعض گھرانے اس سڑک کی زمین کے لئے حکومت سے زمین کا معاوضہ بھی لے چکے ہیں اور چند گھرانے اب بھی زمین کے معاوضے کے لئے عدالت میں ہیں۔ عمائیدین جغور نے مزید کہاکہ اس روڈ کو فرد واحد کا منصوبہ قرار دے کر چند سازشی لوگ جغور سے باہر عوام اور حکومتی حلقوں کو تاریکی میں رکھنے کی مذموم کوشش کررہے ہیں لیکن ان کی اصلیت بہت جلد ہی عوام کے سامنے آشکارا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ جغور گول روڈ عوامی روڈ ہے جسے چند گھرانے بند نہیں کرواسکتے اور نہ ہی حکومت یا ایم پی اے کو اس سلسلے میں بلیک میل کرسکتے ہیں جوایک طرف تو زمین کی معاوضے کا مطالبہ کررہے ہیں تو دوسری طرف روڈ کی مخالفت کرکے اسے چادر اور چاردیواری کے لئے خطرہ قرار دے رہے ہیں اور ایم پی اے اور ڈی سی کے خلاف پریس کانفرنس کررہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ ان شرپسندوں کے خلاف قانونی کاروائی کیا جائے اور جغور گول روڈ کو جلد از جلد پایہ تکمیل کو پہنچایا جائے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔