چترال بھر میں منگل کی صبح سے وقفے وقفے سے بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے
چترال ( محکم الدین ) چترال بھر میں منگل کی صبح سے وقفے وقفے سے بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے ۔ چترال کے بالائی مقامات تورکہو مڑپ ،کھوت ، شندور پاس ، بگوشٹ اور سیاحتی مقام مڈکلشٹ کے گرمائی چراگاہوں میں نئی برفباری ہوئی ہے۔ اور سرسبز درختوں اور گھاس وغیرہ کوبرف کی چادرنےڈھانپ لیاہے۔ جس کے نتیجے میں چترال کے شہری اور دیہاتی علاقے ایک مرتبہ پھر سردی کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔ لوگوں نے پھر سے سوئٹر ،کوٹ اور گرم کپڑےپہننے شروع کردیے ہیں
۔اور بادلوں نے پورے چترال کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ گندم کی تھریشنگ کے بعد فضا میں جو آلودگی اور گردو غبارپھیل گیا تھا ۔ بارش نے گردو غبار ٹھکانے لگا دیا ہے ۔ اور فضا پھر سے صاف ہوگیا ہے۔ بارش سےپانی کی قلت والے علاقےسینگور ، اورغوچ ، بروز ، گہریت ، اوسیک ، سوئر کے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑگئی ہے ۔ اور مکئی کی کاشت کیلئے زمین کی تیاریاں جاری ہیں ۔
بزرگوں کا کہنا ہے ۔ کہ بے موسمی بارشوں اور برفباری سے فوائد کم اور نقصانات زیادہ ہوں گے ۔ خاص کر دھان کی فصل کو نقصان پہنچنے کا شدید خطرہ ہے ۔ لوگوں کا کہنا ہے۔ کہ اب تک گرمی میں شدت دیکھنے میں نہیں آرہی۔ جبکہ ماہ جون میں چترال میں زوروں کی گرمی ہوتی ہے ۔ دوسری طرف گذشتہ روز تریچ کے مقام سمتیج میں گلوف کے نتیجے میں بجلی گھر کی نہر اور قریبی گھروں کو نقصان پہنچا ہے ۔ جس کی وجہ سے گھروں کے مکین نقل مکانی کرکے رشتے داروں کے ہاں پناہ لی ہے۔