چترال اسٹوڈنٹس ویلفیئر آرگنائزیشن راولپنڈی اسلام آباد کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس)چترال اسٹوڈنٹس ویلفیئر آرگنائزیشن راولپنڈی اسلام آباد کے نومنتخب عہدیداروں کا تقریب حلف وفاداری منگل کے روزمقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جن سے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور معروف سماجی و سیاسی شخصیت رضیت باللہ نے حلف لیا۔ حلف اٹھانے والوں میں صدر عالم زیب، چیرمین نورسلطان علی تاج، سینئر نائب صدر انضمام، نائب صدر فخر عالم، میڈیا سیکرٹری جواد صفی الدین، فہیم اللہ، جنرل سیکرٹری بہادر علی، فنانس سیکرٹری نور علی، انفارمیشن سیکرٹری انیس الاسلام، جوائنٹ سیکرٹری شہزادہ محمد عماد صلاح الدین، سپورٹس سیکرٹری دانش الٰہی، کلچر سیکرٹری وجاہت، سیکرٹری ہیلتھ قاضی آصف، صدر مدارس عبدالحفیظ، نائب صدر مدارس ظہیر الدین اورلیگل ایڈوائزر توفیق احمد شامل ہیں جبکہ آرگنائزیشن کے سرپرست اعلیٰ شفیق الملک ایگزیکٹو ممبر فرمان الٰہی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس موقع پر مہمان خصوص رضیت باللہ نے طلباء پر زور دیا کہ وہ چترال سے باہر اپنے علاقے کی سفیر کا رول ادا کریں اور علاقے کی تہذیب وثقافت کو اس کی اصلی حالت میں اجاگر کریں جوکہ اعلیٰ انسانی اقدار اور شرافت وامن پسندی کے لئے مشہور ہے اور اسی بنا پر چترال سے تعلق رکھنے والے قابل اعتماد سمجھے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بدقستمی سے گزشتہ چند عشروں سے چترالیوں کے بارے میں اس تاثر کو نقصان لاحق ہوا ہے اور طلبہ برادری پر یہ فرض عائد ہوتی ہے کہ وہ اس امیج کو بحال کرے۔ رضیت باللہ نے طلبہ برادری میں اتحادواتفاق کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ کسی قسم کی تعصب کو دل میں جگہ نہ دے۔ اس سے قبل صدر محفل اور جماعت اسلامی ضلع لویر چترال کے جنرل سیکرٹری وجیہ الدین نے طلبہ پر زور دیاکہ وہ اپنی پڑہائی کو تمام چیزوں اور سرگرمیوں پر فوقیت دے کیونکہ اس وقت یہی ان کے سامنے منزل مقصود یہی ہے ا ور ایسوسی ایشن ہمارے مسائل کے حل کے لئے ہے۔ انہوں نے کہاکہ جڑواں شہر میں زیر تعلیم چترالی طلبہ کے مسائل کو حل کرنے میں اس آرگنائزیشن کا اہم کردار رہا ہے جس میں چترال کی سول سوسائٹی کی مکمل تائید اور تعاون انہیں حاصل رہے گی۔ آرگنائزیشن کے سرپرست اعلیٰ شفیق الملک نے تنظیم کی تاریخ اور اس کی خدمات پر روشنی ڈالی اور کہاکہ بنیادی طور پر ہم چترال سے راولپنڈی اسلام آباد آنے والے طلبہ کو مختلف شعبوں میں ضروری سپورٹ فراہم کرتے ہیں جس سے وہ دوسرے علاقوں سے آنے والے طلبہ کے ساتھ مسابقت میں شامل ہوتے ہیں جبکہ چترال کی پسماندگی اور اس کی مخصوص جعرافیائی پوزیشن کی بنا پر یہاں کے طلبہ کے تعلیمی مسائل بھی مخصوص نوعیت کے ہوتے ہیں۔ اسامہ وڑائچ اکیڈمی کے ڈائرکٹر فدا ء الرحمن نے سی ایس ڈبلیو او کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عہد کیا اور اگلے ماہ اس کی مدد سے چترال میں پہلی بار ایجوکیشن ایکسپو منعقد کرنے کا اعلان کیا۔ تقریب سے طلبہ رہنما نور سلطان علی تاج اور عالم زیب نے بھی خطاب کیا اورجڑواں شہر میں طلبہ برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ چترال پریس کلب کے صدر ظہیر الدین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ چترال کے معروف عالم دین قاری جمال عبدالناصر، ویلج ناظم عمران الملک اور دوسرے بھی تقریب میں شرکت کی۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔