وزیراعلیٰ محمود خان کی زیر صدارت خیبرپختونخوا سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئےاجلاس

پشاور(چترال ایکسپریس)خیبرپختونخواکے پانچ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، پارکوں اورتفریحی مقامات کی تعمیر، نکاسی آب اور کوڑ ا کرکٹ کومناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے اور دیگر شہری سہولیات کی فراہمی کیلئے شروع کئے جانے والے 97 ارب روپے مالیت کے خیبرپختونخوا سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ(KPCIP) کے تحت مختلف پیکجز کی تکنیکی اور مالیاتی بولیوں (ٹیکنکل اینڈ فنانشل بڈز ) کی ایوالویشن رپورٹ منظور کر لی گئی ہیں۔ منصوبے کے پیکج ون کے تحت ایبٹ آباد، کوہاٹ، مردان، مینگورہ اور پشاور میںتفریحی مقامات کے قیام پر آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے میں کام کا باضابطہ اجراءکر دیا جائے گا۔ یہ بات بدھ کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت خیبرپختونخوا سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک اجلاس میں بتائی گئی ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان ،متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو منصوبے پر پیشرفت کے حوالے سے بریفینگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منصوبے کے پیکج ٹو کے تحت ایبٹ ، کوہاٹ اور پشاور میں واٹر سپلائی سکیموں کی تعمیر جبکہ پیکج تھری کے تحت مردان اور کوہاٹ میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیرکیلئے بھی تکنیکی اور مالیاتی بولیوں کی ایولویشن رپورٹ منظور کر لی گئی ہے اور ان منصوبوں پر مشترکہ سروے اور انونٹری 5 ستمبر 2022 سے شروع ہو گی جس کی تکمیل کے بعد ان منصوبوں پر بھی کام کا باضابطہ اجراءکردیا جائے گا۔ واٹر سپلائی سکیموں میں ایبٹ آباد میں واٹر ڈسٹربیوشن نیٹ ورک اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ جبکہ کوہاٹ اور پشاور میں واٹر ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک شامل ہیں۔ اسی طرح پیکج فور کے تحت مینگورہ واٹر سپلائی سکیم کی تکنیکی اور مالیاتی بولیوں کی ایوالویشن رپورٹ منظور کر لی گئی ہے۔سکیم کا مشترکہ سروے اور انونٹری رواں ماہ کے آخر تک شروع کر دی جائے گی ۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ مینگورہ واٹر سپلائی سکیم کیلئے درکار اراضی پر سیکشن 11 کا نوٹیفکیشن جاری کیا جا چکا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر اگلے ہفتے زمین مالکان میں فنڈز کی تقسیم شروع کردیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر خیبرپختونخوا سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ کو عوامی فلاح کا ایک بہترین منصوبہ قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کومنصوبے کے مختلف پیکجز پر مقررہ ٹائم لائن کے مطابق عملی کام کا اجراءیقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اورکہا ہے کہ متعلقہ حکام اس سلسلے میں مکمل شیڈول بنا کر پیش کریں ۔ اُنہوںنے واضح کیا کہ منصوبے کے تحت مختلف پیکجز پر کام کا باضابطہ سنگ بنیاد اُسی صورت میں رکھا جائے گاجب مشینری متعلقہ سائٹ پر موبلائز کر دی جائے گی ۔ اُنہوںنے واضح کیا کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی تاخیر اور سستی کی گنجائش موجود نہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ صوبائی حکومت کا اہم منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں خاطر خواہ بہتری آئے گی اور عوام کو تفریحی پارکس کے علاوہ شہری سہولیات بھی میسر آئیں گی ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔