اے این پی خیبر پختونخوا کے نائب صدر خدیجہ بی بی نےپارٹی کی طرف سے شیشی کوہ وادی میں متاثر ہ خاندانوں میں فوڈ ریلیف پیکج تقسیم کی
چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس )عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے نائب صدر خدیجہ بی بی نے پارٹی کی طرف سے شیشی کوہ وادی میں بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہ خاندانوں میں فوڈ ریلیف پیکج تقسیم کیا۔اس موقع پر متاثریں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ
وہ پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان کی خصوصی ہدایت پر سیلاب کے متاثریں سے اظہار ہمدری اور ان کے دکھ درد بانٹنے کے لئے شیشی کوہ ویلی آئی ہوئی ہیں۔ انہوں نے حکومت کی طرف سے متاثرین کے ساتھ امداد میں غیر معمولی تاخیر اور غفلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ متاثرین کے پاس آکر انہیں تسلی دینے سے کچھ نہیں بنتا جبکہ یہ وقت عملی طور پر متاثرین کی ریلیف اور بحالی کا ہے نہ کہ ان کے ساتھ تصویر بناکر سوشل میڈیا میں پوسٹ کرنے کا۔ انہوں نے کہاکہ صرف اعلانات سے نہ تو بے سروسامان متاثرین کا پیٹ بھر جائے گا اور نہ ہی ان کا پیاس بجھ سکتا ہے جہاں سیلاب نے پائپ لائن بہاکر لے گئی ہے اور لوگ ایک ایک قطرہ پانی کے لئے ترس رہے ہیں۔ خدیجہ بی بی نے مزید کہاکہ انتظامیہ کی طرف سے کھلی کچہری لگانے کا یہ کوئی مناسب وقت نہیں ہے کیونکہ اس وادی میں سو فیصد عوام بالواسطہ یا بلاواسطہ طور پر متاثر ہیں جن کی ضروریات اور مجبوریوں کا علم سب کو تھا۔
انہوں نے شیشی کو ہ کے عوام کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ اے این پی اس مشکل گھڑی میں اپنے متاثر بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ اس موقع پر پارٹی کے مقامی رہنما بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔