ایون کالاش ویلیز روڈ پر کام دوبارہ شروع ، ڈی سی چترال انوارالحق نے چتر کےمقام پرروڈ کا افتتاح کردیا۔

 تین ہفتوں کے اندر زمین مالکان کو معاوضے ادا کئےجائیں گے ۔ وقارمسعود چوہدری اے سی چترال

لچترال (محکم الدین ) ایون کالاش ویلیز روڈ کے تعمیری کام کا تیسری بار افتتاح ہوا ہے۔ اس سے قبل سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اس کا افتتاح کیا تھا ۔لیکن حکومت بدلنے کے بعد روڈ کا یہ منصوبہ کھٹائی میں پڑ گیا ۔ تاہم چار سال بعد زمین مالکان کو معاوضے کی بعد میں آدائیگی کا یقین دلا کر اس کا دوسرا افتتاح کیا گیا ۔ مگر اس دوران زمین کی آدائیگی کیلئے فنڈ صوبائی حکومت کی طرف ریلیز نہ ہونے کی وجہ سے کام روک دیا گیا ۔ اور گذشتہ ایک مہینے سے زیادہ عرصے سے کام رکا ہوا ہے ۔ مشینری اور مزدور بے کار کھڑے ہیں ۔ جبکہ ذرائع نے بتایا ہے ۔ کہ متعلقہ ادارہ این ایچ اےکام بند ہونے کے باعث مشینری اور ملازمین و مزدوروں کے یومیہ اخراجات صوبائی حکومت سےکلیم کرنےکا حق محفوظ رکھتی ہے ۔ جمعرات کے روز اس سڑک کاتیسری مرتبہ افتتاح ڈپٹی کمشنر چترال انوار الحق نے چیتر پل بروز کے احاطے میں کیا ۔ اس موقع پر جی ایم این ایچ اے ، اسسٹنٹ کمشنر چترال وقاص مسعودچوہدری دیگر سرکاری آفیسران ، چیرمین ویلج کونسل ایون ون وجیہ الدین اور عمائدین موجود تھے ۔ اس موقع پر سڑک کے افتتاح کےبعد ڈپٹی کمشنرچترال انوارالحق اور اسسٹنٹ کمشنر وقاص مسعود چوہدری نےخطاب کرتےہوئے لوگوں کو یقین دلایا کہ آراضی معاوضوں کی آدائیگی کیلئے پچپن کروڑ روپےہمارے پاس موجود ہیں ۔ اور انشااللہ تین ہفتوں کے اندر پہلے پورشن کے زمین مالکان کومعاوضے ادا کئےجائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جوں ہی فصلوں کی کٹائی کرکے زمین صاف ہوگی ۔ معاوضے کی آدائیگی شروع کی جائے گی ۔ عوامی حلقوں نے ایون کالاش ویلیز روڈ پر کام دوبارہ شروع کرنےپر خوشی کا اظہار کیا ہے۔اور کہا ہے ۔ کہ صوبائی حکومت سیاحتی مقامات کی ترقی کی دعویدار ہے۔ اس لئے اس امر کی ضرورت ہے ۔کہ کالاش ویلیز جیسے بین الاقوامی اہمیت کے حامل علاقے کے سڑک کی تعمیر کی راہ میں فنڈ کی فراہمی کا کوئی مسئلہ درپیش نہ ہو ۔ اور بلا رکاوٹ اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔