پاکستان کے دفاعی ادارے ہماری سرخ لکیر ہیں اس لیکر کو جو بھی عبور کرے گا ہم اُس کے خلاف جہاد کرینگےچترال قائدین دینی جماعتوں کی پریس کانفرنس
چترال(نمائندہ چترال ایکسپریس)پاکستان کے دفاعی ادارے ہماری سرخ لکیر ہیں اس لیکر کو جو بھی عبور کرے گا ہم اس کو اسلام اور پاکستان کا دشمن قرار دیکر اُس کے خلاف جہاد کرینگے یہ بات اہل حدیث کے چترال کے ضلعی امیر محمد عمر قریشی،جمعیتہ طلباء اسلام کراچی کے سابق صدر مولانا مختار احمد،راہ حق پارٹی کے ضلعی صدر مولانا افتخار حسین،حاجی رحمت اللہ ودیگر نے چترال پریس کلب میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔دینی جماعتوں کے قائدین نے کہا کہ عمران خان کے جلوس کے اندر فائرنگ کو بہانہ بناکر ملک کے دشمن عناصر نے پاکستان کی سالمیت اور پاک فوج کے خلاف گھناونا پروپیگنڈہ کرکے اپنے اصل دوست بھارت کو خوش کرنے کی مہم شروع کی ہے پاکستان کے محب وطن عوام اس مذموم مہم کوناکام بنائینگے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے
علماء دین نے کہا کہ ہمارے لئے نبی اکرمﷺ کافرمان مشعل راہ ہے نبی اکرام ﷺ نے فرمایا کہ اسلام کے مجاہدین کودوست رکھو۔پاکستان کے مسلح افواج ہی اسلام کے مجاہدین اور غازیان دین ہیں فوج کے شہداء نے ہمارے ازلی دشمن بھارت کے خلاف جانوں کا نذرانہ دے کر ملک کی حفاظت کی ہے۔جنگ کا میدان ہو یا کوئی قدرتی آفت، ہماری افواج ہمیشہ اپنے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ہماری مسلح افواج مضبوط ہو ں تو ہمارا ملک مضبوط ہو گا اُنہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے سامنے دوبڑے مقاصد ہیں ایک مقصد مسلح افواج کو مزید طاقت دینا ہے دوسرا مقصد پاکستان کے ایٹمی اسلحہ کا تحفظ ہے ہمارا دشمن چاہتا ہے کہ عمران خان کے ذریعے مسلح افواج کے کردار پرحملہ آور ہوکرملک کے دفاع اورملک کے ایٹمی صلاحیت کو کمزور کرے۔
ہم علمائے کرام کی قیادت میں دشمن کے مذموم اور ناپاک عزائم کوناکام بنائینگے۔پریس کانفرنس میں دینی جماعتوں کے رہنماؤں نے دوٹوک الفاظ میں اعلان کیا کہ جو عناصر ہماری مسلح افواج کے خلاف ہرزہ سرائی کرینگے ہم ان کو دشمن کا آلہ کار سمجھینگے۔دشمن کے یہ آلہ کار پاکستانی قوم کے غیض وغضب سے نہیں بچ سکینگے۔