گلوبل ویلج نیشنل ہیڈ کوارٹرز پاکستان بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن میں پہلا انٹر کیڈٹ کالجز اور پبلک سکولز مقابلہ جاتی کیمپ اختتام پذیر
پشاور (چترال ایکسپریس)گلوبل ویلج نیشنل ہیڈ کوارٹرز پاکستان بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن میں پہلا انٹر کیڈٹ کالجز اور پبلک سکولز مقابلہ جاتی کیمپ اختتام پذیرہو گیا۔چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت ڈاکٹر سید محمد انور اور پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار احمد وائس چانسلر نیشنل سکلز یونیورسٹی مہمان خصوصی تھے۔
کیمپ میں پاکستان کے معروف اداروں کے 130 اسکاؤٹس نے اسکاؤٹنگ سرگرمیوں، کھیلوں کی سرگرمیوں اور عمومی سرگرمیوں میں بھرپور مسابقتی جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔
پاکستان سکاؤٹس کیڈٹ کالج بٹراسی مانسہرہ نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے ایک لاکھ نقد انعام حاصل کیا، وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں (F.G.E.I) نے دوسری پوزیشن حاصل کر کے پچھتر ہزار نقد انعام، کیڈٹ کالج سپنکئی نے تیسری پوزیشن حاصل کر کے پچاس ہزار کا نقد انعام حاصل کیا، کرنل شیر خان کیڈٹ کالج صوابی نے ٹینٹ پچنگ میں پہلی، سپورٹس میں تیسری ، اسکاؤٹنگ میں دوسری اور مجموعی طور پر چوتھی پوزیشن حاصل کی اور پچیس ہزار کا نقد انعام جیتا۔
گورنمنٹ کیڈٹ کالج پنو عاقل نے کیمپنگ کے روزانہ معائنہ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
آرمی پبلک سکول اینڈ کالج ایف ڈبلیو او راولپنڈی نے عمومی مقابلے اور کیمپ فائر میں شاندار کارکردگی دکھائی۔
مہمانان خصوصی نے چیف کمشنر پاکستان بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن سرفراز قمر ڈاہا کی جانب سے انٹر کیڈٹ کالجز اور پبلک سکولز کیمپ کے انعقاد، کیمپ کے لیے تیار کردہ سرگرمیوں اور مقابلہ جات کو سراہا۔
چیف کمشنر پاکستان بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن نے کامیاب کیمپس کے انعقاد پر ڈائریکٹر یوتھ پروگرام میاں نیک اختر جاوید، ڈپٹی ڈائریکٹر توصیف صدیقی، ڈائریکٹر ٹریننگ لیاقت علی اعوان کو مبارکباد دی۔
اس موقع پر پرنسپل پاکستان سکاؤٹس کیڈٹ کالج بٹراسی مانسہرہ توقیر الاسلام اور پروفیسر ڈاکٹر عبد الحی شیخ نے بھی شرکت کی اور مہمانوں کو کالج سووینئرز پیش کیے۔
تربیتی ٹیم کے دیگر ممبران جنہوں نے کیمپ میں اپنی صلاحیتوں کا حصہ ڈالا ان میں محمد رمضان قصوری، عارف ہاشمی، راجہ بشارت، محمد اعجاز، شکیل احمد، عمر ناصر اور وقاص احمد شامل تھے۔
اختتامی تقریب کے آخر میں ڈائریکٹر ٹریننگ لیاقت علی اعوان اور ڈپٹی ڈائریکٹر توصیف صدیقی نے کیمپ کی رپورٹ اور مثبت نتائج پیش کیے۔