خطیب شاہی مسجد چترال کی اہلیان چترال سے شجر کاری مہم میں شرکت کی اپیل
چترال(چترال ایکسپریس)خطیب شاہی مسجد چترال مولانا خلیق الزماں کاکاخیل نے جمعہ کی خطاب میں شجرکاری کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ بہار کی آمد ہے اور شجرکاری کا موقع ہے ہمیں اس موقع کو غنیمت جان کے شجر کاری کرنی چاہیئے۔ قرآن و سنت کی روشنی میں شجرکاری کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ نبی کریم اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے دست مبارک سے کھجور کی شجرکاری کی اور امت کو اپنی عمل سے یہ پیغام دیا۔ اسی طرح آج کل موجود نیشنل پارک اور جنگلات کی تحفظ کا اولین تصور بھی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے پیش کیا تھا۔ مدینہ سے دور ایک مقام نشان زد تھا جہاں کسی درخت کو کاٹنے یہاں تک کہ اونٹ ہنکانے کیلئے کسی چھڑی تک کاٹنے کی اجازت نہیں تھی۔ مولانا خلیق الزماں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کا سدباب جہاں دیگر ذرائع سے ممکن ہے وہیں پر شجرکاری سے بھی اس پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ گزشتہ سالوں کے رپورٹ کے مطابق کئی ہزار انسانوں کی اموات ماحولیاتی آلودگی سے ہوئی ہے اور افسوس ہے کہ ہم ماحول کو آلودہ کرنے والوں میں شامل ہیں۔ جدید مشینریوں کی بہتات اور دوسری طرف تعمیرات کی دنیا میں انقلاب کے بدولت درختوں کی کٹائی میں ہوش ربا اضافہ ہوا ہے۔ خطیب مولانا خلیق الزمان نے درختوں کی کٹائی کی پرزور مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس نیت سے شجرکاری کرنی چاہیئے کہ اس سے ماحول پر خوشگوار اثر مرتب ہونگے اور اس کا میوہ کسی انسان کے استعمال میں آئے گا اور ہمارے چترال کی شادابی و سرسبزی میں اضافہ ہوگا۔ یقیناً چترال کی سرسبزی و شادابی اور خوبصورتی سیاحت کی فروغ کی راہیں ہموار کرے گا۔ چترال کی تجارت اور معاشی ذرائع کی ترقی میں سیاحت مسلم ہے۔ اس کے فروغ کیلئے بھی چترال کی خوبصورتی امن محبت بھائی چارگی اور سماجی قدروں کو وسعت دینا ہوگا۔
انہوں نے حکومت اور انتظامیہ سے بھی اپیل کیا کہ اس مہم میں عوام کے ساتھ تعاون کریں درختوں کی فراہمی اور پھولوں کی کی ارزان نرخوں میں فراہمی یقینی بنائے تاکہ عوام اپنے محدود وسائل کے باجود بھی شجرکاری میں حصہ لے سکیں۔