ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن لوئر چترال کے انتخابات،ساجد اللہ ایڈوکیٹ صدر۔پیرمختار علی شاہ ایڈوکیٹ جنرل سیکرٹری منتخب
چترال ( نمائندہ ایکسپریس)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن لوئر چترال کے انتخابات ہفتےکےروز مکمل ہوگئے ۔ صدارت کیلئےتین امیدواروں محمد عظیم بیگ ایڈوکیٹ ، خورشید حسین مغل ایڈوکیٹ ، اور ساجد اللہ ایڈوکیٹ کے مابین مقابلہ تھا ۔جس میں ساجد اللہ ایڈوکیٹ نےکامیابی حاصل کی ۔اور24۔ 2023 کیلئے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن لوئر چترال کے صدرمنتخب ہوگئے۔ جبکہ دیگر عہدہ داران بلا مقابلہ منتخب ہو گئے ۔ جن میں محمد اسحاق ایڈوکیٹ نائب صدر ، سید مختار علی شاہ ایڈوکیٹ جنرل سیکرٹری ، سردار علی ایڈوکیٹ فنانس سیکرٹری ،ظفرالحق لائبریری سیکرٹری شامل ہیں ۔انتخابات میں67 ووٹ پول ہوئے ۔ جن میں سے ساجد اللہ ایڈوکیٹ نے 38 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی ۔
جبکہ دوسرے نمبر پر زیادہ ووٹ لینے والے محمد عظیم بیگ ایڈوکیٹ رہے ۔ انتخابات کیلئے سینئر ایڈوکیٹ محمد ظاہر شاہ نے الیکشن کمشنر کی ذمہ داری انجام دی جبکہ ہدایت السلام نے ان کی معاونت کی ۔ نتائج کے اعلان کے بعد محمد عظیم بیگ ایڈوکیٹ نے اپنے خطاب میں اپنے مد مقابل نومنتخب صدر ڈسٹرکٹ بار ساجد اللہ ایڈوکیٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا
کہ ساجد اللہ ایڈوکیٹ کی کامیابی ان کی اچھی الیکشن کمپین اور بہتر تعلقات کا نتیجہ ہے اور وکلاء دوستوں نے ان پر زیادہ اعتماد کا اظہار کیا ساجد اللہ ان کے اپنے ہیں اور وہ اس سے قبل بھی چترال بار کے صدر رہ چکے ہیں ۔ جبکہ میں پہلی بار خدمت کا جذبہ لے کر میدان میں اتراتھا ۔ تاکہ ایک نئے سٹریٹجی کے تحت ڈسٹرکٹ بار کی خدمت کی جا سکے۔ لیکن دوستوں نے جو فیصلہ کیا ۔ ہم اس کی قدر کرتےہیں ۔
نومنتخب صدر ڈسٹرکٹ بار ساجد اللہ ایڈوکیٹ نے الیکشن کمشنر محمد ظاہر شاہ ایڈوکیٹ اور جملہ وکلاء برادری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بار کے دوستوں نے ان پر جو اعتماد کیا ہے ۔
وہ اس پر پورا اترنے کی بھر پور کوشش کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری اور چترال پریس کلب پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ چترال کے مسائل حل کرنے کیلئے متحد ہو جائیں ۔ اور مل کر ان مسائل کے حل کیلئے جدو جہد کریں ۔ اس موقع پر صدر پریس کلب نے بھی ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا ۔