آٹا بحران کے خلاف درو ش میں جلسہ کرنے والےتین افراد کے خلاف مقدمہ درج
دروش(نمائندہ چترال ایکسپریس) دروش بازار میں چند روز قبل آٹا بحران کے حوالے سے احتجاجی مظاہرہ منظم کرنے والے تین راہنماؤں کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کردیا۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل دروش بازار چوک میں آٹا بحران کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا جس میں مقررین نے فلورملز کے خلاف تقاریر کئے تھے اور بزور طاقت فلور ملز کو بند کرنے کا ڈیڈ لائن دیا تھا۔ اس سلسلے میں دروش پولیس نے اصلاحی کمیٹی دیر بالا کے ذمہ داران کی درخواست پر جلسہ کے تین منتظمین حاجی محمد شفاء، قاری فضل حق اور صلاح الدین طوفان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر کی متن کے مطابق اصلاحی کمیٹی دیر بالا کے صدر شہزاد الرحمن نے پولیس کو درخواست دیتے ہوئے کہا ہے کہ جلسہ کے منتظمین نے دیر کے عوام کے خلاف ہتک آمیز اوراشتعال انگیز تقاریر کرکے دیر اور چترال کے عوام کے درمیان دوریاں پیدا کرنے اور نتیجتاً مسائل پیدا کرنے کی کوشش کی ہے، ماضی میں بھی چند عناصر ایسی حرکتیں کرچکے ہیں۔ اس حوالے سے اصلاحی کمیٹی دیر بالا نے اپنا اجلاس منعقد کرکے ایک مذمتی قرارد منظور کرکے حکومت سے ان عناصر کے خلاف کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ درخواست دہندہ نے حاجی محمد شفاء، قاری فضل حق اور صلاح الدین طوفان کو نامزد کرکے انکے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی ہے۔ دروش پولیس نے مذکورہ درخواست پر کاروائی کرتے ہوئے مذکورہ بالا افراد کے خلاف دفعہ 341، 504 اور 34ت،پ اور 16-MPO کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ (۴۱ اپریل