چترال میں امن و امان کے حوالے سے یہاں کے صحافیوں کی کاوشوں کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ ڈی پی او چترال آکرام اللہ۔
چترال (چترال ایکسپریس) 3 مئی آزادی صحافت کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے، اس سلسلے میں آج پریس کلب لوئر چترال میں کوہ انٹیگریٹڈ ڈویلپمنٹ پروگرام اور چترال پریس کلب کے اشتراک سے آزادی صحافت ڈے کے حوالے سے پر وقار تقریب پریس کلب ہال میں منعقد ہوا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر اکرام اللہ نے پروگرام میں خصوصی طور پر شرکت کی۔
اور اختتامی سیشن کے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے اور ہم فکری اور قلم کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں ۔
آج انٹرنیشنل پریس فریڈم ڈے کے موقع پر ہم تمام شہداء صحافت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور اُن کی گرانقدر خدمات و قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں.
ڈی پی او نے کہا کہ صحافت سے وابستہ افراد ہی پل پل بدلتی دنیا میں ہمیں تازہ ترین حالات و واقعات سے باخبر رکھتے ہیں اور حکومت اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کا سہرا آج بھی صحافت کے سر ہے۔
میڈیا سے وابستہ افراد ذاتی طور پر اکثر معاشی تنگدستی کے شکار ہیں مگر اس کے باوجود وہ معاشرے کو بہت کچھ دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں.
انہوں نے کہا کہ آفات قدرتی ہو یا انسانی، اجتماعی احساس اُجاگر کرنے میں صحافی برادری کا کردار کلیدی ہے.
اس موقع پر انہوں نے صحافی برادری کی طرف سے سیاحت کی ترقی کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ چترال کا شمار پاکستان کے خوبصورت ترین علاقوں میں ہوتا ہے اور یہاں سالانہ ہزاروں کی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی سیاح آتے ہیں چترال میں سیاحت کے شعبے کو ترقی دینے میں چترال کے صحافیوں کا کردار قابل ذکر ہے یہاں پر کلچرل ایونٹس کو جس طرح پوری دنیا میں پیش کرتے وہ قابل تحسین ہے ۔
چترال میں امن وامان کو برقرار رکھنے میں صحافی برادری کا کرادار انتہائی اہم ہے ۔یہاں پر رہنے والے لوگوں کے درمیان محبت ,بھائی چارہ اور باہمی آہنگی میں صحافی برداری کا بھی بہت بڑا کردار ہے۔
ڈی پی او اکرام اللہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئیندہ بھی صحافی حضرات چترالی عوام کے درمیان محبت, امن اور بھائی چارے کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ چترال کے منفرد ثقافت, قدیم تہذیب اور چترال کے سافٹ امیج کو دنیا کے سامنے لانے میں اپنا کردار اسی طرح جاری رکھیں گے۔
تقریب کے اختتام پر پولیس اور صحافت کے شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی ۔