ایون کے عمائدین کا ڈی سی چترال کےخلاف احتجاج کا راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ

چترال ( محکم الدین ) ایون کے عمائدین نے ڈپٹی کمشنر چترال کےخلاف احتجاج کا راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں پہلا احتجاجی جلسہ بروز اتوار ایون سنٹر بازار میں نزد سٹیل پل منعقد کیا جائے گا ۔ اس سلسلے میں ایک غیر معمولی اجلاس ویلج کونسل آفس ایون میں منعقد ہوا ۔ اس بات پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا ۔کہ ایون کالاش ویلیز روڈ کی زمینات کے معاوضے کے رقوم کی آدائیگی گذشتہ کئی مہینوں سے تاخیر کاشکار ہیں ۔ جبکہ اس روڈ کی تعمیر اور زمین معاوضوں کی آدائیگی کو ممکن بنانے کیلئے ایون کے عمائدین نے انتھک جدو جہد کی اور گذشتہ تین سالوں سے مختلف اداروں کے دروازوں پر دستک دی ، چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کے دورہ دورہ چترال پر ان سے درخواست کی ۔ متعلقہ تعمیراتی ادارے کے خلاف مقدمہ لڑا ۔جس کے نتیجے میں روڈ کے پیسے صوبائی حکومت سے چترال کو منتقل ہو گئے ہیں،جن کی آدائیگی گذشتہ سال ماہ نومبر میں کی جانی تھی لیکن انتظامی آفیسران کی لاپرواہی ،غفلت اور اپنی ذمہ داریوں سے عدم دلچسپی کی بنا پر آج بھی یہ کام رکا ہوا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر چترال کوئی توجہ نہیں دے رہا ۔ انہوں نے کہا کہ تاخیری حربوں سے جہاں روڈ کی تعمیر کا کام متاثر ہو رہا ہے۔ وہاں خراب اور تنگ سڑکوں کی وجہ سےمقامی لوگوں اور باہر سے آنے والے سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ اجلاس میں مقتدر اداروں کے آفیسران سے مطالبہ کیا گیاکہ وہ اگر کالاش ویلیز کوسیاحتی مقام قرار دیتےہیں اور ہر صورت فیسٹول کے دوران یہاں تفریح کیلئے آتےہیں ۔ تو براہ کرم چترال پشاور مین روڈ سے فارسٹ چیک پوسٹ ایون تک روڈ کی زمین کے معاوضے بلاوجہ پھنسے ہوئے ہیں ۔ اور فنڈ ڈی سی چترال لوئر کے پاس موجود ہیں ۔ ان کی آدائیگی میں کردار ادا کریں ۔ اجلاس میں اس امر کا اظہار کیا گیا ۔ کہ اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ ڈپٹی کمشنر چترال ایون یونین کونسل کی پوری آبادی کو احتجاج کرنے پر مجبور کر دیا ہے اور احتجاج کا آغاز اتوار سات مئی کو ایون سنٹر بازار میں جلسہ عام سے کیا جائے گا ۔ جس میں آیندہ کا لائحہ عمل بھی طے کیا جائے گا ۔ اجلاس میں کالاش فیسٹول چلم جوشٹ بھی زیر بحث آیا ۔ جس پر تمام ڈرائیور برادری ، ہوٹل مالکان سے اس توقع کا اظہار کیا گیا  کہ چونکہ یہ احتجاج ان کے بہتر مفاد میں بہ امر مجبوری کیا جا رہا ہے ۔ اس لئے وہ وقتی فائدے کو پس پشت ڈال کر مستقل بنیادوں پر سڑک کی تعمیر کو بلاتاخیر ممکن بنانے کیلئے بھر پور تعاون کریں گے ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔