ایس آر ایس پی بجلی گھر ایون کے حوالے سے غیر معمولی اجلاس ۔ بجلی گھر میں مناسب بہتری لانے کیلئے مشترکہ اقدامات پر اتفاق ،

چترال ( چترال ایکسپریس) ویلج کونسل ایون ون کے زیر اہتمام ایس آر ایس پی بجلی گھر کے حوالے سے کمیونٹی میں پائے جانے والے تحفظات دور کرنے اور بجلی گھر کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنے کے سلسلے میں ایک غیر معمولی اجلاس ایون ریور ان ہوٹل میں منعقد ہوا ۔ جس میں ایس آر ایس پی کے پی ایم انجئنئیر زاہد جان ، ڈی پی ایم طارق احمد ، انجینئر شفیق اور منیجر ہائیڈرو پاور عارف اللہ موجود تھے ۔ جبکہ علاقائی عمائدین میں چیر مین ویلج کونسل ایون ون وجیہ الدین ، سابق ممبر جندولہ خان ، خیر الاعظم ،صالح نظام ، سابق ناظم رحمت الہی ، ڈی ایس پی (ر) سلطان باچہ ،آصف رضا وغیرہ نے کمیونٹی کی نمایندگی کی ۔ اجلاس گذشتہ کچھ عرصے سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ، بجلی گھر کی پیداواری صلاحیت میں کمی ، ٹیکنکل سٹاف کی عدم موجودگی اور آمدن و اخراجات کے سلسلےمیں تحفظات دور کرنے کیلئے بلایا گیا تھا ۔اجلاس میں چیرمین وی سی ایون وجیہ الدین نے کمیونٹی کی طرف سے جملہ تحفظات کا اظہار کیا ۔ اور کہا ۔ کہ سی ای او ایس آر ایس پی کی ذاتی دلچسپی ، انتھک کوششوں اور یورپی یورپین یونین کے مالی تعاون سے بجلی گھر تعمیر کیا گیا ہے ۔ جس کیلئے کمیونٹی کے تمام لوگ سی ای او ایس آر ایس پی شہزادہ مسعود المک اور یورپین یونین کے شکرگذار ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔کہ بجلی گھر کی تعمیر کے بعد لوگوں کو نان اسٹاپ بجلی مل رہی تھی ۔ لیکن مسئلہ اس وقت پیدا ہوا ۔ جب اس ماہ رمضان کے دوران مسلسل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ معمول بن گیا ۔ جس کے نتیجے میں کمیونٹی میں چمیگوئیاں پیدا ہوئیں ۔ اور کمیونٹی کی سطح پر بجلی گھر میں نان ٹیکنکل اسٹاف کی تعیناتی ، مختلف لائن فالٹ ، بجلی گھر کے آمدن و اخراجات کے بارے میں تحفظات سامنے آئے ۔ جس کیلئےیہ ضروری سمجھا گیا ۔کہ بجلی گھر کی بہتری کی خاطر ان تحفظات کے بارے ایس آر ایس پی وضاحت کرے ۔ جس کیلئے شہزادہ مسعود الملک سے درخواست کی گئی تھی ۔ اور آج کی میٹنگ اس درخواست کے نتیجے میں ہو رہی ہے ۔ اجلاس میں انفرادی طور پر بھی بعض شرکاء نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ انجینئر زاہد خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئےکہا ۔ کہ بجلی گھر کی ابتدا سے لے کراب تک تمام ریکارڈ موجود ہیں ۔بجلی گھر کے تین اکاونٹ میں مجموعی طور پر نواسی لاکھ روپےموجود ہیں۔ جس سےآفس ،اپریشن اینڈ منٹننس اور ایچ آر سیکشن چلائے جاتےہیں ۔ ان پر اگر کسی کو اعتراض ہے ۔ تو تین افراد کا انتخاب کیا جائے ۔ جو بطور اڈٹ کمیٹی ہیڈ آفس پشاور میں تمام ریکارڈ کی چھابین کر سکتےہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ بجلی گھر اپنی تعمیر سے اب تک ایک کروڑ چھبیس لاکھ پینسٹھ ہزار یونٹ پیدا کر چکا ہے ۔ جس میں سےتینتالیس لاکھ یونٹس اب تک لائن لاسز اور چوری کی صورت میں ضائع ہو چکےہیں ۔پچیس لاکھ روپے کمیونٹی پربجلی کی بل میں بقایا جات ہیں۔ ابتدا میں نو سو اٹھتر کنکشن تھے ۔ جو اب بڑھ کر چودہ سو اٹھتر ہو چکے ہیں ۔ اس لئے بجلی گھر پر بوجھ پڑنا لازمی ہے۔ ایس آر ایس پی اب تک بہانوے لاکھ روپے بجلی گھر کو سپورٹ دے چکا ہے۔ اجلاس میں انجینئر کی وضاحت کے بعد چیرمین ویلج کونسل وجیہ الدین نے اس امر کا اظہار کیا۔ کہ عوامی تحفظات کا مقصد کسی پربد اعتمادی کا اظہارنہیں۔ بلکہ بجلی گھر کی کارکردگی کو مزید بہتر بناناہے ۔ اجلاس کے شرکاء نے کہا ۔کہ بجلی گھر کی تعمیر کے ابتدائی معاہدات کے بارے میں جو باتیں اب سامنے آئی ہیں ۔ اس سے کمیونٹی کو پہلے بالکل آگاہ نہیں کیا گیا ۔ تاہم بجلی گھرکی بہتری سب کا مطمع نظرہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ۔ کہ ایک آٹھ رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی ۔ جو بجلی گھر اسٹاف اور ادارے کے ساتھ معاونت کرے گا ۔ جن میں سے تین افراد پر مشتمل آڈٹ کمیٹی ہو گی ۔ جو کہ موجودہ حسابات کی آڈٹ کرےگی ۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔