وزیر زادہ کے خلاف دائرہ کردہ ایف آئی آر کو ختم کرتے ہوئے انہیں جلداز جلد باعزت رہائی دلائی جائے۔رحمت الہی

چترال (چترال ایکسپریس ) یونین کونسل ایون کے سابق رکن ضلع کونسل رحمت الٰہی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے سابق معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ کی اسلام آباد میں گرفتاری پر شدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ کالاش قوم اپنی طبعی شرافت اور امن پسندی کے لئے دنیابھر میں شہرت رکھتے ہیں اور بلوہ کرنے کے الزام میں وزیر زادہ کی گرفتاری اور ان کے خلاف پرچہ کاٹنا سمجھ سے بالاتر بات ہے جسے ہر وہ شخص سختی سے رد کرے گا جس کا کالاش کمیونٹی سے کبھی واسطہ پڑگئی ہو۔ ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہاکہ کالاش مذہب میں جلاؤ گھیراؤ اور دوسرے پرتشدد سرگرمیوں کا تصور بھی نہیں ملتا اور یہ ہر مسئلے باہمی رضامندی اور صلح صفائی سے کرنے والے لوگ ہیں اور ان سے چوری چکاری سمیت دوسرے جرائم کا ارتکاب ابھی تک نہیں ہوا ہے جبکہ اب ان کی نمائندگی کرنے والے نمائندہ اور اعلیٰ تعلیم یافتہ شخصیت وزیر زادہ پر وفاقی دارالحکومت کے علاقے میں حکومت کے خلاف بلوہ کرنے کا الزام عائد کرنے سے عام لوگوں میں تشویش پھیل گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے چیرمین عمران خان نے کالاش اقلیت پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے وزیر زادہ کو پہلے پارٹی کی ٹکٹ پر مخصوص نشست پر صوبائی اسمبلی کا رکن بنایا اور پھر انہیں صوبائی کابینہ میں شامل کیا تھا، اوراب خان صاحب کی حمایت میں وزیر زادہ کا احتجاج کرنا کوئی انوکھی اور خلاف توقع بات نہیں ہے لیکن ان پر جلاو گھیراؤ اور قانون کا ہاتھ میں لینے کا الزام عائد کرنا سراسر ذیادتی ہے۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وزیر زادہ کے خلاف دائرہ کردہ ایف آئی آر کو ختم کرتے ہوئے انہیں جلداز جلد باعزت رہائی دلائی جائے۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔