یوم شہدائے پولیس کے حوالے سے پولیس لائن لوئر چترال میں تقریب کا انعقاد
چترال(نمائندہ چترال ایکسپریس )شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے یوم شہدائے پولیس کے حوالے سے مرکزی تقریب کا انعقاد پولیس لائن لوئر چترال میں کیا گیا.
یادگار شہداء پر لوئر چترال پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال صلاح کنڈی, ڈپٹی کمشنر لوئر چترال محمد علی خان,لیفٹننٹ کرنل قیصر رضاء, ایس۔پی۔انوسٹگیشین محمد ستار خان, کیپٹن شہزاد اور منیجر نیشنل بنک چترال برانچ امجد احمد ثانی نے پولیس لائن میں یادگارِ شہدا پر حاضری دی پھول چڑھائے اور شہداء کی درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔
تقریب کے مہمان خصوصی ڈی۔پی۔او لوئر چترال صلاح الدین کنڈی , ڈپٹی کمشنر محمد علی خان اور ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل قیصر رضاء تھے۔
تقریب کے موقع پر مہمانوں نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ ملک کے تمام سیکیورٹی فورسز کے شہداء کی قربانیاں لازوال ہیں
شہداء نے قوم کی آج کیلئے اپنے کل کو قربان کیا اور شہادت کے اعلی رتبے پر فائز ہوئے ہیں۔ان کی قربانی کا کوئی نعم البدل نہیں تاہم ہم انکو خراج تحسین پیش کرنے کے کوشش کرتے رہینگے۔
انکا کہنا تھاکہ آج ملک میں امن کی جو فضاء قائم ہے اس کے پیچھے شہدائے کی لازاوال قربانیاں ہیں ان کی لازاوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اس موقع پر ڈی۔پی۔اولوئر چترال صلاح الدین کنڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی خاندانوں کو یہ یقین ہو کہ زندگی کے کسی بھی موڑ پر وہ اکیلے نہیں ہیں بلکہ محمکہ کا ہر ایک جوان اور افسر اپنے ہر ایک شہید کے خاندان کے شانہ بشانہ موجود ہیں۔ شہداء نے قوم کے آج کے لئے اپنے کل کو قربان کیا اور شہادت کے اعلیٰ رتبے پر فائز ہوئے، ان کے قربانیوں کا کوئی نعم البدل نہیں۔ قوم کے ان عظیم اور بہادر سپوتوں نے عوام الناس کے تحفظ اور ملک وقوم کی بقاء اور سر بلندی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا جو کہ ان کی بہادری اور ملک وقوم سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔تقریب میں شریک مہمانوں نے ڈی۔پی۔او لوئر چترال صلاح الدین کنڈی کے ہمراہ شہدائے پولیس کے ورثاء اور بچوں میں تحائف تقیسم کیں۔
تقریب میں قاری عبدالجمال ناصر, انجینئر خادم اللہ سرحد رورل سپورٹ پروگرام , شہدائے پولیس کے ورثاء اور ایس۔کے ۔ایس سکول کے اسٹودنٹس , منسٹریل سٹاف اور دیگر پولیس افسران بھی شریک تھے ۔
تقریب کے آخر میں شہداء کے ایصال ثواب اور درجات کی بلندی اور ملک میں امن وامان و استحکام کیلئے اجتماعی دُعائیں کی گئی۔
درین اثنا لوئر چترال پولیس کی جانب سےشہداء پولیس کی یاد میں بلڈ دونیشین کیمپ اور ریلی کابھی اہتمام کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال صلاح الدین کنڈی کی قیادت میں بازار چترال میں ریلی نکالی گئی جس میں ڈپٹی کمشنر محمد علی خان, لیفٹیننٹ کرنل قیصر رضاء, کیپٹن شہزاد, علماء کرام، معززین علاقہ پولیس آفسران و جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس کے علاوہ پولیس لائن لوئر چترال میں بلڈ دونیشن کیمپ کا بھی انعقاد کیا گیا, جسمیں پولیس افسران و جوانان نے خون کے عطیات دئیے۔