جامعہ چترال میں یوم استحصال کشمیر منایا گیا
چترال(چترال ایکسپریس)جامعہ چترال میں مورخہ 5 اگست 2023 کو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظاہر شاہ کی خصوصی ہدایت پر یوم استحصال کشمیر منایا گیا۔ اس دن کو منانے کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور 5 اگست 2019 کو بھارتی فورسز کے مقبوضہ کشمیر پر ناجائز قبضے کے حوالے سے شعور
اجاگر کرنا تھا
جامعہ چترال کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظاہر شاہ نے تقریب کے شرکاء کے ہمراہ ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کے بعد واک کی قیادت کی اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ تقریب کے دوران اپنے خطاب میں انہوں نے بھارتی افواج کے مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی قبضے اور بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 کی تنسیخ کی شدید مذمت کی، جو خطے کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ایک اہم آئینی شق تھی۔
واک کا مقصد بھارتی افواج کے مظالم کو اجاگر کرنا اور حق خود ارادیت کے لیے جاری جدوجہد کے بارے میں شعور اجاگر کرنا تھا۔ شرکاء نے کشمیری عوام کی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا اور عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کے حقوق کا تحفظ کریں۔