پاکستان ہلال احمر کے پی کے کی جانب سے چترال میں سیلاب متاثرہ خاندانوں میں امداد کی تقسیم کا عمل مکمل

چترال(چترال ایکسپریس)پاکستان ہلال احمر خیبرپختونخوا کی جانب سے ضلع چترال میں حالیہ بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال سے متاثرہ خاندانوں میں ضروری امداد کی تقسیم کا عمل مکمل کرلیاگیا ۔ جس میں ضلع چترال کے مختلف علاقوں بشمول وادی کیلاش کے 118 خاندانوں کو مدد فراہم کی گئی ہے۔ امدادی سامان جس میں خیمے، کمبل، فیملی ہائی جین کٹس سمیت دیگر ضروری اشیا شامل ہیں۔ اس حوالے سے جاری بیان میں پاکستان ہلال احمر خیبرپختونخوا کے چئیرمین حبیب ملک اورکزئی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ضلع چترال اس وقت گرمی اور سردی دونوں موسمیاتی صورتحال میں قدرتی آفات کے نشانے پر ہے جس کی وجہ سے نہ صرف علاقے کے سٹرکچر کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ لوگوں کے گھر ، کھیت بھی شدید متاثر ہورہے ہیں۔ ہمارا کام ایسے حالات میں بطور معاون ادارہ لوگوں کو مدد فراہم کرنا ہے، تاہم اس وقت کی ضرورت یہ ہے کہ ہم چترال پر رونما ہونے والے آب و ہوائی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے امدادی سامان کی تقسیم میں مدد فراہم کرنے پر جرمن ریڈ کراس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہلال احمر ان امدادی کاموں کے ساتھ ساتھ جرمن ریڈ کراس کے تعاون سے چترال کے مختلف علاقوں میں آب و ہوائی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے اور آفات آنے کے وقت مقامی آبادی کو اس سے محفوظ رکھنے پر کام کررہی ہے۔ جس میں دیگر اداروں کو بھی ہلال احمر کا ساتھ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔دوسرے جانب امدادی سامان کی تقسیم کے دوران ہلال احمر خیبرپختونخوا کے سیکرٹری سید علی حسن نے زرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ حالیہ طوفانی بارشوں نے ضلع لوئر اور اپر چترال کو شدید طور پرمتاثر کیا ہے۔ جہاں لوئر چترال میں امدادی سرگرمیاں مکمل کرلی گئیں ہیں، تاہم اپر چترال کے کچھ علاقوں تک تاحال رسائی ممکن نہ ہوسکی۔ جہاں راستے بحال ہونے پر کام شروع کیا جائے گا۔

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔