دروش کلڈام گول جنگل میں دو افراد کا قتل،قاتل روپوش

چترال (نمائندہ چترال ایکسپریس ) بدھ کے روز صبح آٹھ بجے کے قریب لویر چترال کے تحصیل دروش کے حدود میں واقع جنگل کلدام گول میں جنگل کے تنازع پر گوجر برادری سے تعلق رکھنے والے شخص نے شاہ نگر دروش کے رہائشی اشرف گل ولد گل نیاب اور احسان الدین ولد محراب الدین کو آتشین اسلحہ سے فائر کرکے موت کے گھاٹ اتاردیا۔ ایس پی انوسٹی گیشن لویر چترال عبدالستار خان نے میڈیا کو بتایاکہ وقوعہ کے فوری بعد ملزم  اپنے بال بچوں کے ساتھ روپوش ہوگئے ہیں جبکہ مقامی پولیس نے ان کی تلاش شروع کردی ہے اور تمام متوقع مقامات کی نگرانی کی جارہی ہے۔ مقتولین کلدام گول جنگل سے خشک سوختنی لکڑی اپنے گھروں کو لانے کے لئے گئے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہاکہ جائے وقوعہ کلدام کا جنگل دروش شہر سے 11کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہونے کی بنا پر ملزم روپوش ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تھانہ دروش میں ملزم نور عالم کے خلاف تعزیرات پاکستان کے دفعہ 302کے تحت قتل کا مقدمہ دائر کردیا ہے۔ دریں اثناء مقتولین کی لاشیں دروش پہنچائے جانے پر مقامی افراد نے سخت ردعمل کا مظاہر ہ کرتے ہوئے دونوں لاشیں دروش چوک میں رکھ کر کئی گھنٹوں تک احتجاج شروع کردی اور اسسٹنٹ کمشنر دروش کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد پرامن منتشر ہوگئے جس نے دو دنوں کے اندر قاتل کی گرفتاری کی یقین دہانی کرائی۔

 

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔