محکمہ ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن چترال کی نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی پروفائیلنگ / اندراج کا آغاز
چترال (چترال ایکسپریس ) ملاکنڈ ڈویژن کے دوسرے اضلاع کی طرح محکمہ ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن چترال نے بھی نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی پروفائیلنگ / اندراج کا آغاز کردیا ہے۔ اس سلسلے میں بدھ کے روز اسسٹنٹ کمشنر چترال ڈاکٹر محمد عاطف جالب نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس میں پروفائیلنگ کا افتتاح کردیا ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوءے انہوں نے کہاکہ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی پروفائیلنگ / اندراج کا سلسلہ 31دسمبر2023تک جاری رہیگا۔ جبکہ اس کے بعد غیرپروفائیل، اندراج شدہ گاڑیوں کو سڑکوں پر نہیں آنے دی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ این سی پی گاڑیوں کی پروفائلنگ اور اندراج کا مقصد تمام گاڑیوں کی کمپیوٹرائزڈ ڈیٹاپر مبنی نظام کی تشکیل ہے اور ساتھ عوام الناس اور ان کی قیمتی گاڑیوں کی حفاظت کیلئے نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کو باقاعدہ شناخت مہیا کرنا ہے۔ انھوں نے مذید کہاکہ این سی پی گاڑیوں کی پروفائیلنگ سے ان کو غیرقانونی سرگرمیوں میں استعمال سے بھی روکنا ہے اور ساتھ عوام الناس کی مال وجان کی تحفظ اور ٹریفک کے نظام میں بہتری لانا ہے۔
انسپکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن عبید الرحمن نے کہا کہ این سی پی گاڑیوں کی پروفائیلنگ کو پہلے سے اسان بنا دیا گیا ہے، صرف درخواست فارم، شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی، حلفیہ بیان کے ساتھ مالک اور گاڑی کی موجودگی اور ساتھ گاڑی کی کاغذات پیش کرنا ہے جن سے گاڑی کی پروفائیلنگ کردی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ لوئر چترال میں یہ سلسلہ مکمل ہونے کے بعد اپرچترال میں بھی پروفائلنگ شروع کردی جائیگی۔