ایون کی ادبی تنظیم کے زیر اہتمام معروف شاعر و ادیب محمد اسرار گل داودی مرحوم کی یاد میں تعزیتی کانفرنس
چترال ( محکم الدین )ایون کی ادبی تنظیم انجمن شمع فروزان کے زیر اہتمام سابق صدر انجمن ترقی کھوار حلقہ ایون ومعروف مزاحیہ شاعر و ادیب محمد اسرار گل داودی مرحوم کی یاد میں ایک تعزیتی کانفرنس گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول ایون کے ہال میں منعقد ہوا ۔ مرکزی انجمن ترقی کھوار کے جنرل سیکرٹری پروفیسر ظہور الحق دانش مہمان خصوصی تھے ۔ سوشل ایکٹی وسٹ اور انجمن ترقی کھوار کے سنئیر رکن عنایت اسیر نے صدر محفل کے فرائض انجام دی
۔دیگر مہمانوں میں صلاح الدین صالح ، فداء الرحمن فدا ، چیرمین وی سی ایون ون وجیہ الدین ، قاضی محمد نظام ، قاضی صالح نظام ،حفیظ امین ، رحمت نعیم شاہ المعروف مولائی روم شامل تھے ۔ جبکہ بڑی تعداد میں گل داودی سے عقیدت رکھنے والوں نے کانفرنس میں شرکت کی ۔
عبدالصمد صابر ،محمد اصغر شیدائی نے نظامت کے فرائض انجام دی ۔ جبکہ پروفیسر صفی اللہ آصفی نے “گل داودی ای غزل گو شاعر ” خالد ظفر ظفر نے ان کی سیاسی زندگی ،چیرمین وجیہ الدین ،عبدالصمد صابر نے ان کی زندگی کے خفیہ گوشوں سے پردہ اٹھایا اور ان کی مزاح کے دلچسپ پہلو وں حاضرین کے گوش و گزار کیں ۔ آصفی نے ان کی شاعری کا عمیق احاطہ کیا اور گل داودی کے شعروں کی باریکیوں اور مختلف صنف میں ان کی طبع آزمائی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شاعری میں زندگی کی لذت چھلکتی ہے ۔ وہ مایوسیوں سے دور بھاگنے کا درس دیتے ہیں ۔ اور ان کی نظر میں انسانیت کااحترام سب سے مقدم ہےانہوں نے شاعری میں فارسی اورکہوار تراکیب استعمال کئے ۔ منظر نگاری بھی دیکھنے کو ملتی ہے انہوں نے مطالبہ کیا۔ کہ مرکزی انجمن محمد اسرار گل داودی کے اشعار کتابی صورت میں شائع کرے ۔
خالد ظفر نے کہا ۔ کہ انہوں نے وسائل کی کمی کے باوجود مطمئن زندگی گزاری ۔ ظرافت سے بھر پور تھے ۔ اگر چہ ان کا تعلق ایک پارٹی سے تھا ۔ لیکن تمام پارٹیوں سے تعلق رکھنے والوں سے یکسان محبت کرتے تھے ۔ وجیہ الدین نے کہا۔ کہ وہ میرے انتہائی محترم میرے ماموں تھے ۔ انتہائی ملنسار ،خوش طبع ،خدمت گزار ،ہشاش بشاش اور صفائی پسند شخصیت تھے ۔ گل داودی کے پسر ان محمد حنیف اور معاویہ نے ان کے والد کی یاد میں تعزیتی کانفرنس منعقد کرنے پر انجمن شمع فروزان کی تنظیم کےعہدہ داروں اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ صدر محفل عنایت اللہ اسیر نے
ادب کے فروغ کیلئے شمع فروزان کی خدمات کو سرا ہا ۔ اور متحد ہونے کی درخواست کی ۔صدر محفل ظہور الحق دانش نے کہا
کہ ایون ادب کی نرسری ہے ۔ مرحوم استادغلام عمر نے ایون سے ادب کے فروغ کیلئے قدم اٹھایا ۔ ہمارے ساتھ اب بھی ادب کے اسلاف موجود ہیں ۔ ان کی رہنمائی میں انشاءاللہ ادب مزید ترقی کرے گی ۔ مولانا محمد نعیم شاہ المعروف مولائی روم کے دعائیہ کلمات کے ساتھ کانفرنس اختتام پذیر ہوا ۔ کانفرنس کے دوران ،محمد اصغر شیدائی ، حافظ محمد آیاز ، حافظ خلیل الرحمن ، اسد اللہ اسد ،مطیع الرحمن قمر ،حیران ،محمد حنیف وغیرہ نے حمد ،نعت اور مرثیہ پیش کرکے داد وصول کی ۔