تجار یونین چترال لوئیر کے وفد کی حاجی غلام علی گورنر خیبر پختونخواہ سے ملاقات
چترال(چترال ایکسپریس)تجار یونین چترال لوئیر کے وفد نے پیر کے روز شاہی مسجد چترال میں حاجی غلام علی گورنر خیبر پختونخواہ سے ملاقات کی۔ وفد نے گورنر خیبر پختواہ کو چترال کے عوام اور تاجرون کو درپیش مسائل سے اگاہ کیا اور ان کو فوری حل کرنے کی درخواست کی۔
وفد کی قیادت بشیر احمد صدر تجار یونین چترال کر رہے تھے۔وفد نے گورنر سے درخواست کی کہ چترال ٹاؤن کے لئے منظور شدہ بیوٹیفیکیشن فنڈ کو ۲ سال گزرنے کے باوجود استعمال نہی کیا جا رہا اور مذکورہ فنڈ ضائع ہونے کا خدشہ ہے لہٰذا اس فنڈ کو ضائع ہونے سے بچانے کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ چترال کا حق ضائع نہ ہو۔
وفد نے گورنر کو بتایا کہ چترال بائی پاس روڈ کو بنے ہوئے ۱۲ سال گزرنے کے باوجود بھی وہاں کاروبار کرنے والے تاجر بجلی کی سہولت سے محروم ہیں جس کی وجہ سے تاجروں کو مشکلات درپیش ہیں لہٰذا بائی پاس روڈ کو بجلی کی فراہمی کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
چترال میں تجارتی سرگرمیوں کو تیز کرنے لئے پاک افغان بارڈر بارڈر کھولنے کی درخواست کی گئی تاکہ علاقے میں تجارتی سرگرمیاں تیز ہوں اور چترال سے غربت کا خاتمہ ہو۔
گورنر خیبر پختونخواہ نے وفد کو یقین دلایا کہ چترال اور چترال کے تاجر برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے اور چترال کے حقوق کی حفاظت یقینی بنائی جائے گی۔