پاکستان راہ حق پارٹی نے تنظیم اہلسنت والجماعت کی حمایت کے ساتھ چترال سے اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا

چترال (چترال ایکسپریس )پاکستان راہ حق پارٹی نے تنظیم اہلسنت والجماعت کی حمایت کے ساتھ چترال سے اپنے امیدواروں کا اعلان کردیاجس کے مطابق مولانا سراج الدین قریشی قومی اسمبلی، مولانا افتخار حسین صدیقی لویر چترال سے اور مولانا صاحب الدین اپر چترال سے نامزد ہوگئے۔ بدھ کے روز چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دونوں جماعتوں کے ضلعی رہنماؤں مولانا سراج الدین قریشی، مولانا جاوید الرحمن، مولانا عبدالدیان، مولانا حاجی اکبر معاویہ، مولانا عبدالخالق رحمانی، مولانا افتخار حسین صدیقی، مولانا شیر وزیر خان اور دوسروں نے کہاکہ چترال کے عوام دین سے محبت وعقیدت رکھنے والے لوگ ہیں اور پاکستان راہ حق پارٹی اور تنظیم اہلسنت والجماعت کے ساتھ ہر جگہ محبت اور عزت واحترام سے پیش آتے ہیں اور الیکشن میں بھی اسی جذبے کا اظہار کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے چترال کی خدمت کرنے اور اس کی پسماندگی کو دور کرنے کا تہیہ کرکے میدان میں اتر آئے ہیں اور چترال کے متنوع مسائل بشمول روڈ، صحت، تعلیم اور سبسڈی کے حوالے سے مسائل حل کرکے ہی دم لیں گے۔ انہوں نے چترال کے عوام سے پرزور اپیل کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے اب تک مختلف سیاسی جماعتوں کو ازماتے ہوئے آرہے ہیں لیکن ان کے مسائل میں کوئی خاطر خواہ کمی نہیں آئی، اس لئے وہ اس مرتبہ پاکستان راہ حق پارٹی اور تنظیم اہل سنت والجماعت کو منتخب کرکے خدمت کا موقع دیں جوکہ اس جذبے سے سرشار ہوکر سامنے آگئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر قیادت صالح ہاتھوں میں ہو تو اس کے اثرات بہت جلد ہی پوری ملک میں محسوس ہونا شروع ہوتے ہیں جس طرح صوبہ پنجاب کے ضلع جھنگ میں ایک ایم پی اے کے ہاتھوں ریکارڈ ترقیاتی کام سرانجام پائے اور ہم چترال میں یہ مثال زندہ کرنے کاعزم رکھتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ دوسری مذہبی جماعتوں کے ساتھ انتخابی معاہدے یا ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے ان کے دروازے کھلے رہیں گے۔

زر الذهاب إلى الأعلى