آمدہ الیکشن کے حوالے سے خطیب شاہی مسجد چترال مولانا خلیق الزمان کا خوبصورت پیغام۔۔

چترال(چترال ایکسپریس)جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خطیب شاھی مسجد چترال مولانا خلیق الزمان کاکاخیل نے ہمیشہ کی طرح ایک خوبصورت ترین اور مثبت پیغام دیا کہ چترال کی خوبصورتی یہ ہے کہ یہاں پر امن ہے،روداری ہے ،محبت ہے،لحاظ ہے اور رشتہ داریاں ہیں۔
لہٰذا چترال کی اس خوبصورتی کا لاج رکھیں ۔انتخابات آنی جانی چیز ہے۔ووٹ ایک امانت ہے اور اس کا صحیح استعمال ضروری ہے ۔
ہر ایک بندے کا کسی نہ کسی جماعت اور پارٹی کے ساتھ ایفیلیشن ہے لہٰذا ایک دوسرے کا احترام ہو ،ایک دوسرے کا لحاظ ہو، گالم گلوج کی سیاست نہ ہو خصوصاً مسجد کے کٹاکئے میں سیاسی گپ شپ سے گریز کریں۔کسی بھی امیدوار کا احترام کریں،ان کی بات سنیں، ان کی عزت افزائی کریں۔
امیدوارحضرات بھی مثبت انداز میں اپنا پیغام پہنچائیں ۔دوسروں کو گالی دئیے بغیر اپنا منشور بیان کریں اور الیکشن مہم چلائیں۔
الیکشن ایک مہینے پر محیط ایک مہم ہے ۔اس کی وجہ سے اپنے ہمیشہ کی تعلقات کو خراب نہ کریں۔شائستگی کو اپنا شعار بنائیں۔
ترمذی شریف کی حدیث ہے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ راوی ہیں ،فرماتے ہیں أحبب حبيبك هونا ما عسى أن يكون بغيضك يوما ما،
و أبغض بغيضك هونا ما عسى أن يكون حبيبك يوما ما

اپنے دوست سے ایک حد تک محبت کر، ممکن ہے کبھی (کسی وجہ سے اس سے ) بغض (نفرت) ہو جائے اور (اپنے مخالف سے بھی) ایک حد تک نفرت کر، ممکن ہے کہ تم کو (اس سے) محبت ہو جائے۔

اسلام کی یہ خوبصورتی ہے کہ ہر معاملے میں اعتدال کا درس دیتا ہے۔محبت میں بھی اعتدال ہو، نفرت میں بھی اعتدال ہو۔
لہٰذا پارٹی وابستگی میں بھی اعتدال ہو۔ایک دوسرے کا احترام ہو۔لحاظ وپاس ہو ۔چترال کی خوبصورتی داغدار نہ ہو اور ہمارا ملک امن اور خوشحالی کا نشان ہو

اس خبر پر تبصرہ کریں۔ چترال ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں
زر الذهاب إلى الأعلى
error: مغذرت: چترال ایکسپریس میں شائع کسی بھی مواد کو کاپی کرنا ممنوع ہے۔