خواتین کی حوصلہ افزائی کیلئے اے کے آر ایس پی کی طرف سےپر وقارتقریب کاانعقاد
چترال (چترال ایکسپریس )آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کے زیر انتظام زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایان کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کامیاب اور قابل تقلید خواتین کو انکی اعلیٰ خدمات کے اعتراف میں حوصلہ افزائی کرنے اور سرٹفیکیٹس کی تقسیم کے سلسلےمیں ایک پر وقار تقریب بونی کے ایک مقامی گیسٹ ہاوس میں منعقد کی گئی ۔ جس میں ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اپر چترال سمیت لائن ڈیپارٹمنٹ کے نمائندوں نے شرکت کی ۔
پروگرام کی صدارت کے فرائض آغا خان ریجنل کونسل کے اپریشن منیجر ہزار محمد نے انجام دی ۔ ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے ممتاز حسین مہمان خصوصی تھے۔ جبکہ مختلف اداروں و سول سوسائٹی کے نمایندے, ایل ایس اوز کے منیجر بھی موجود تھے ۔اس موقع پر اے کے آر ایس پی کے ایریا منیجر عطاء الله نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور پروگرام کے اعراض و مقاصد بیان کئے ۔ پروگرام میں شریک خواتین و حضرات نے خواتین کو با اختیار بنانے , فنی تربیت دینے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے ایک پنل ڈیسکشن میں حصہ لیا اور اپنے مفید مشورے دیے
شندور ویمن فورم اپر چترال کے چئرپرسن مس نور شابہ, سابق پرنسپل گورنمنٹ ہائی سکول بونی مس مہرالنساء, ووکیشنل سینٹر برائے خواتین کے پرنسپل مس طیئبہ, خاتون قانون دان مس عابدہ یونس , سابق ممبر ضلع کونسل مس حصول بیگم اور ریجنل اپریشن آغا خان ریجنل کونسل اپر چترال نے شرکاء سے خطاب کرتےہوئے کہا۔ کہ موجودہ دور میں نوجوانوں کیلئے کامیابی کے مواقع زیادہ ہیں لیکن اس کیلئے سخت محنت کی ضرورت ہے۔ اس لئے اے کے ڈی این کے اداروں اور حکومتی اداروں کی طرف سے دی گئی
سہولیات سے بھر پور فائدہ اٹھانا چاہئے ۔ووکیشنل انسٹیٹیوٹ برائے خواتین کی پرنسپل مس طیبہ نے کہا کہ ہنر سیکھ کر ہر گھریلو خاتون عزت کے ساتھ اپنا کاروبار شروع کر سکتی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ کالج ھذا میں دستکاری, کوکنگ کے علاوہ گرافک ڈیزائننگ و دیگر جدید سکلزبھی سکھائی جاتی ہیں ۔پروگرام کے اختتام پر مختلف شعبوں میں
انتھک محنت کرکے مقام حاصل کرنےوالی خواتین کو تعریفی اسناد و ٹوکن سے نوازاگیا ۔