لواری ٹنل چترال سائیڈ اپروچ روڈ پرکام میں تعطل،چترال کے عوام سخت مشکلات میں مبتلا

چترال (چترال ایکسپریس) گزشتہ چھ سالوں سےلواری ٹنل کے چترال سائیڈ پر اپروچ روڈ پرکام میں تعطل سے چترال کے عوام سخت مشکلات میں مبتلاہیں جبکہ سڑک کی مخدوش حالت کے باعث موٹر گاڑیوں کے حادثات روزکا معمول بن گئے ہیں۔ لواری ٹنل کے دیر سائیڈ پر کورین کنسٹرکشن کمپنی نے 90فیصد سے ذیادہ کام مکمل کرلیاہے جبکہ چترال سائیڈ پر کام پہلے انتہائی سست روی اور تعطل کا شکار ہونے سے عوام کی صبر کاپیمانہ لبریزہوگیاہے کیونکہ کچا سڑک کے باعث ٹرانسپورٹر خضرات مسافروں اور سامان کے کرایوں میں کمی لانے کوتیار نہیں ہیں جس کا بوجھ بالواسطہ اور بلاواسطہ دونوں طرح عوام کے کندھوں پر پڑرہی ہے جوکہ مہنگائی اورگرانی کے ہاتھوں پہلے سے تنگ ہیں۔ چترال کے عوامی اور سیاسی حلقے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی طویل خاموشی اوراس میگاپراجیکٹ کو پایہ تکمیل میں پہنچانے میں مجرمانہ غفلت پرسخت مایوسی کا اظہار کررہے ہیں اوراس روڈ کی عدم تکمیل چترال کی ترقی کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ سمجھی جارہی ہے۔ چترال کے عوام ابھی سے نامزد وزیر اعظم میاں شہباز شریف سے مطالبہ کررہے ہیں کہ جس طرح لواری ٹنل پراجیکٹ کی تکمیل میاں نواز شریف کے ہاتھوں ہواتھا، بالکل اسی طرح اپروچ روڈ کی تکمیل اب ان کے ہاتھوں سے کرے۔

زر الذهاب إلى الأعلى