انورامان فرزند چترال…تحریر: سیف الرحمٰن مشکور ؔ

….ذر ا نم ہو تو یہ مٹی بہت زرخیز ہے ساقی
چترال خیبر پختونخوا کا ایک پسماندہ ضلع ہے جوکہ اب اپر اور لوئر دو ضلعے بن چکے ہیں۔ چترال کے لوگ شریف ہونے کے ساتھ ساتھ انتہائی ذہین اور محنتی ہیں مگر وسائل اور سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو آگے جانے کا موقع نہیں ملتا مگر اس کے باؤجود چترال تعلیمی اعتبار سے خیبر پختونخواہ میں دوسرے نمبر پر ہے۔ چترال کے کئی سپوت مختلف محکمہ جات میں اعلیٰ عہدوں پر تعینات ہیں اور بہت سے ایسے لوگ ہیں جو پرائیویٹ سیکٹروں میں نہ صرف پاکستان میں بلکہ بیرون ملکوں میں اپنے ہنر کے لوہے منوارہے ہیں۔ جن میں ایک قابل تحسین اور قابل ذکر شخص انور امان ہے۔ انور امان نے چترال کے ایک بہت ہی پسماندہ گاؤں بریشگرام کریم آباد کے ایک غریب گھرانے میں آنکھ کھولی۔ ابتدائی تعلیم اُنہوں نے اپنے گاؤں سے حاصل کی اورپھر وہ تعلیم کے سلسلے میں کراچی چلا گیا۔بعدازاں وہ امریکہ پہنچنے میں کامیاب ہوا۔ وہاں اُنہوں نے دن رات محنت کی اورمختلف کمپنیوں میں کام کیا۔اُن میں عقابی روح بیدار ہوئی اوراس کو اُس کی منزل آسمانوں میں نظر آئی۔ وہ کامیابیاں حاصل کرتا گیا کیونکہ اُس کو اپنی منزل تک پہنچنے کا تجسس پیدا ہوچکا تھا۔ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال نے کیا خوب کہا ہے کہ
ہے یادمجھے نکتہ سلمان خوش آہنگ
دنیا نہیں مردان جفاکش کے لئے تنگ
چیتے کا جگر چاہیے شاہین کا تجسس
جی سکتے ہیں بے روشنی دانش و فرہنگ
محنت میں عظمت اور کامیانی ہے۔ انورامان نے دن رات محنت کرکے نہ صرف پاکستان کا نام روشن کیا ہے بلکہ  امریکہ میں بھی اپنا نام پیدا کیا ہے اور انہوں نے بزنس کے میدان میں امریکیوں کاڈٹ کر مقابلہ کیا۔ انور امان اس وقت امریکہ میں کئی کمپنیز کے CEO ہیں اور اُس کے ماتحت کئی ملازمین کام کررہے ہیں۔وہ اس وقت امریکہ میں ٹاپ کے کاروباری شخصیات میں شمار ہوتا ہے۔ انور امان ایک محب الوطن پاکستانی ہے۔ وہ اب بھی اپنے ملک پاکستان اور چترال کے ساتھ بےحد محبت کرتاہے۔ اُس کی محبت کا ثبوت یہ ہے کہ وہ اپنا مال و دولت پاکستان اور خاص کر چترال میں لاکر انوسٹ کررہا ہے۔ چترال میں سنگور کے مقام پر ایک Five Star ہوٹل تعمیر کررہا ہے جس میں موجودہ وقت سینکڑوں افراد کام کرکے اپنے خاندانوں کی کفالت کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ پاکستان اور چترال کے دیگر علاقوں میں انوسٹمنٹ کی ہے جو پاکستان اور چترال کی ترقی اور خوشحالی میں بے حد دلچسپی کاثبوت ہے۔ وہ چترال میں مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے ہنر مند افراد کے ساتھ مالی تعاون بھی کررہا ہے جس کے لئے وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔اُمید ہے کہ وہ آئندہ بھی چترال اور چترال کے باشندگان کے ساتھ اپنی ہمدردی اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔اللہ تعالیٰ سے دعاہے کہ اللہ تعالیٰ اُن کومزید ترقی،تندرستی اور دراز عمر عطافرمائے(آمین)۔

سیف الرحمٰن مشکور ؔ
چترال لوئر
Email: mashkoorcl@gmail.com
Watsapp No.0302-5385991
Tel: 0943-414180
Cell:03429052616

زر الذهاب إلى الأعلى