کنٹریکٹ ٹورزم پولیس کا خیبرپختونخوا پولیس مراعات دینے کا مطالبہ
چترال (محکم الدین ) خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورزم اتھارٹی (KPCTA) زیرانتظام کنٹریکٹ بنیاد پر بھرتی کئے جانے والے ٹورزم پولیس نے اتھارٹی اور صوبائی حکومت سے پر زورمطالبہ کیا ہے ۔ کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی میں فکس تنخوا پر گزارہ کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے اور گھرکے اخراجات کیلئے مسلسل قرضے چڑھ رہے ہیں جن کی آدائیگی کی کوئی صورت نظر نہیں آرہی ۔ انہوں نےکہا ہے کہ ٹورزم پولیس سیاحوں کی رہنمائی،فسلیٹیشن،ہوٹل چیکنگ،ایمرجنسی مدد اور فرسٹ ایڈ کی سہولیات مہیا کررہا ہے جس کی وجہ سے چترال میں سردیوں میں بھی سیاحت کو فروغ مل چکا ہے۔ اور بڑی تعداد میں ملکی و غیر ملکی سیاح سردیوں میں بھی چترال آنے لگے ہیں لیکن خدمات فراہم کرنے والی ٹورزم پولیس حکومتی مراعات سے یکسر محروم ہے اور2022 کے فکس تنخواہ پر گزارہ کرنے پر مجبور ہے ۔انہوں نےنومنتخب وزیر اعلی خیبر پختونخواعلی امین خان گنڈاپور ،خیبر پختونخواکلچر اینڈ ٹورزم اتھارٹی سے پر زور مطالبہ کیا کہ انہیں خیبر پختوخوا پولیس کے مراعات دیے جائیں یا کے پی سی ٹی اے انہیں پراجیکٹ ملازمین کے برابر مراعات دے کر ان کو مایوسی و محرومیوں سے نکالنے کیلئے اقدامات کرے ۔