ایون میں سالانہ امتحانات کے نتائج کے اعلان کے سلسلے میں پروقار تقریب کاانعقاد
چترال ( محکم الدین ) اقبال ماڈل سکول ایون میں سالانہ امتحانات کے نتائج کے اعلان کے سلسلے میں ایک پر وقار تقریب منعقد ہوئی ۔جس میں بڑی تعداد میں مقامی عمائدین ،والدین ،اساتذہ اور طلباء و طالبات نے شرکت کی ۔ سابق ڈی ایس پی سلطان بادشاہ تقریب کےمہمان خصوصی تھے ۔ جبکہ سابق چیرمین یوسی ایون محکم الدین نے صدر محفل کے فرائض انجام دی ۔ سکول کے طلبہ نے
حمد پاک ،نعت شریف ، دعا اور ملی نغمے پیش کئے ،اور بعض طلباء وطالبات نے انگریزی ،اردو زبان میں تقریرکرتے ہوئے قرآن مجید کی عظمت ، تعلیم کی اہمیت ، اور اساتذہ کرام کے احترام پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ اسی طرح بعض طلبہ نےمسلمانوں کی زبوں حالی ،تعلیم سے دوری اور پستی کی وجوہات کو موضوع سخن بنایا ۔اور کہا کہ مسلمانوں نے جب اسلامی اصولوں سے روگردانی کی ،علم و تحقیق اور جستجو کو پس پشت ڈالا۔ تب سے پستی ان کا مقدر بنی ۔
اس موقع پر چترال کے معروف سماجی کارکن عنایت اللہ اسیر نے اپنے خطاب میں طلبہ پرزور دیا ۔ کہ وہ تعلیم پر محنت کو اپنا شعار بنائیں ۔ اور اچھے نمبروں سے کامیابی حاصل کرکےملک و ملت اپنے علاقے اور لوگوں کی خدمت کریں ۔ باصلاحیت اچھے نمبروں کے حامل طلبہ کو تعلیم پر خرچ کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی ۔ دوسرے ادارے اپنا سرمایہ خرچ کرکے اعلی تعلیم کے حصول میں ان کی مدد کرتے ہیں ۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اب رقص (ڈانس) کو سکول کے نصاب میں شامل کرنے کی باتیں ہورہی ہیں ۔ اور اہل مغرب فنڈ فراہم کرکے ہماری غربت کا تماشا کررہے ہیں ۔
مہمان خصوصی ریٹائرڈ ڈی ایس پی سلطان بادشاہ نے سکول کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ سکول کے طلباء کے اچھے نتائج ،ڈسپلن اور ہم نصابی سرگرمیوں میں ان کی دلچسپی و آدائیگی تعریف کے لائق ہیں ۔
صدر محفل محکم الدین نے کہا کہ علم دولت اور طاقت دونوں فراہم کرتا ہے ۔ آج امریکہ علم کی دولت اور طاقت سے پوری دنیا پر حکمرانی کر رہا ہے ، والدین اپنے اور اپنے بچوں کے روشن مستقبل کیلئے تعلیم پر سرمایہ کاری کریں ۔
پرنسپل سکول غلام مصطفی نےبچوں کے والدین پر زور دیا ۔ کہ گھر کےماحول میں بچوں پر توجہ دیں ۔ اور روزانہ کی بنیاد پر ہوم ورک اپنی نگرانی میں مکمل کروائیں ۔ اور بچوں کے بارے میں سکول سے رابطہ رکھیں ۔ تاکہ بچوں کا وقت ضائع نہ ہو ۔ انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے پر مہمانوں ،والدین ،اساتذہ اور طلباء و طالبات کا شکریہ ادا کیا ۔
تقریب کے اختتام پر اول ،دوئم سوئم پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں ٹرافی اور میڈلز تقسیم کئے گئے ۔ اقبال ماڈل سکول ایون میں ریزلٹ اناونسمنٹ کی پر وقار تقریب ، کامیاب طلبہ میں ٹرافی اور میڈلز تقسیم کئے۔