ایون درخناندہ کے لوگوں نے گاوں کےمتاثرہ چینل کو بحال کردیا
چترال (محکم الدین)چترالایون درخناندہ کے لوگوں خصوصا نوجوانوں نے اپنے آباء و اجداد کی روایات کو برقرار رکھتےہوئے ڈیزاسٹر کے آٹھ دن بعد گاوں کےمتاثرہ چینل کو بحال کردیااور حسب معمول گاوں کیلئے نہری پانی کی سپلائی شروع ہوگئی ۔ اس نہرکا ہیڈ گذشتہ شدید بارشوں کے آغاز کے دوسرےدن پتھر اور مٹی کا تودہ گرنے سےتقریبا تین سو فٹ ائریا میں بری طرح خراب ہوا تھا اور بڑے بڑے پتھروں اور ملبے سے یہ نہر بھر گیا تھا ۔
ڈیزاسٹر کے بعد یہ کہہ کر نہر کی بروقت بحالی نہ ہوسکی کہ مزید تودے گرنے کے خدشات تھے اور دوسری طرف سرکاری سطح پر موڑدہ اور درخناندہ کے دونوں چینلز کےملبے کو ہٹانے کیلئے اسکیویٹر اور تعمیر کیلئے فنڈ سے متعلق ایم پی اے چترال فاتح الملک علی ناصر نے ڈپٹی کمشنر چترال کو ہدایات دی تھیں ۔ جس کا انتظار کیا جارہا تھا لیکن ایک ہفتہ گزرنےکے باوجود اس پرعملدر آمد نہیں ہو سکا ۔جس کی وجہ سے گاوں میں پانی کی شدیدقلت پیدا ہوگئی ۔یوں کمیونٹی نےاتوار کے روزنہر کو ہر صورت بحال کرنے کا فیصلہ کیا اور چھ گھنٹے مسلسل کام کرنےکے بعد
چینل کو بحال کر دیا ۔ تاہم ایون موڑدہ اور تھوڑیاندہ چینل بدستور حکومتی امداد کی منتظر ہے۔ اس موقع پر علاقے کے بعض بزرگوں نےکہا کہ صدیوں سے ہمارے اباءو اجداد اپنی کم مائیگی اور بے سروسامانی کےباوجود اپنے تمام اجتماعی کام باہمی اتفاق و اتحاد سے انجام دیتے رہے مگر وقت گزرنے کے ساتھ بعض سیاسی مفاد پرست عناصر نے حکومت کے ذریعے عوامی کام کرنے کا بہانا بنا کر اپنے لئےذریعہ معاش تلاش کیا اور سیاسی سکورنگ کی کو شش کی جس کی وجہ سے ایک طرف ڈیزاسٹر میں بڑےپیمانے پر کرپشن کا بازار گرم ہوتا رہااور دوسری طرف قدیم روایات اور اجتماعیت کے ساتھ اتفاق کا نظام متاثر ہو ا ۔ ایون کے عوامی حلقوں نے کہا ہےکہ جو کام اجتماعی بنیادوں پر کمیونٹی انجام دیتی ہے۔
حکومت کی طرف سے ایسے اقدامات کی حوصلہ افزائی ہونی چائیے۔ ایون درخناندہ کے بزرگوں نے ایک بڑا عوامی کام انتہائی جوش و جذبے سے انجام دینےبر نوجوانوں کی تعریف کی ہے اور ان کیلئے نیک خواہشات کااظہار کیا ہے۔