جی ایچ ایس بمبوریت کی کلاسوں کی ہاسٹل میں منتقلی کے فیصلے کوفوری واپس لیاجائے۔یعقوب خان
چترال (چترال ایکسپریس) پی ٹی آئی بمبوریت کے صدر یعقوب خان نےگورنمنٹ ہائی سکول بمبوریت کی کلاسوں کو ہاسٹل میں منتقلی کو انتہائی ناموزون اور ناقابل قبول حرکت قراردیتے اس کے ذمہ دارووں کو قرارواقعی سزا دینے اور اس فیصلے کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔ ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم کے افسران نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر اپنی من مانی کرتے ہوئے گورنمنٹ ہائی سکول کی کلاسوں کو وادی کے مرکز میں واقع بتریک میں قائم سکول سے نکال کر وادی کی زیریں حصے پر واقع احمد آباد میں نو تعمیر شدہ گرلز ہاسٹل میں منتقل کردیا ہے جس کے نتیجے میں شیخاندہ اور اپر بمبوریت ویلی کی بچیاں کے لئے سکول سے فاصلہ 10کلومیٹر سے بھی بڑھ جاتی ہے یعنی بچیوں کو کلاس اٹینڈ کرنے کے لئے روزانہ 20کلومیٹر پیدل چلنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس غیر دانشمندانہ قدم کے نتیجے میں شیخاندہ سے تعلق رکھنے والی بچیوں پر تعلیم کادروازہ بند ہوجائے گا کیونکہ وہ اس طویل کو روزانہ کی بنیاد پربرداشت نہیں کرسکتے۔ پی ٹی آئی کے رہنما نے کہاکہ بتریک میں واقع ہائی سکول کی عمارت میں کوئی کمی نہیں ہے جہاں مطلوبہ تعداد میں کمرے اورکھیل کے لئے بھی جگہ دستیاب ہے اور محل وقوع کے لحاظ سے یہ بمبوریت کا خوب صورت ترین لوکیشن ہے لیکن ان سب کے باوجود سکول کی کلاسزکا ہاسٹل میں منتقلی سمجھ میں نہ آنے والی بات ہے کیونکہ ہاسٹل کے کمرے رہائش کے لئے ہی موزون ہوتے ہیں جہاں درس وتدریس کی سرگرمیاں نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہاکہ اگر اس فیصلے کو فوری طور پر واپس نہ لیا گیا تو بمبوریت کے عوام بھر پور احتجاج پر مجبو ر ہوں گے کیونکہ اس فیصلے میں بمبوریت کے اکابرین، معززین اور منتخب بلدیاتی نمائندوں کو بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا ہے۔