بابائے لاسپور میموریل لائبریری کالاسپور ویلی اپرچترال میں افتتاح ہوگیا۔
چترال(چترال ایکسپریس)”بابائے لاسپور میموریل لائبریری” لاسپور ویلی اپر چترال میں پہلی لائبریری کا افتتاح کردیاگیا۔ لائبریری منتظمین کے مطابق اس لائبریری سے تقریباً 24000 گھرانوں کے ہزاروں طلبہ و طالبات مستفید ہوں گے۔
نہایت عرق رزی سے کتابوں کا انتخاب اور طلبہ و طالبات کی عمر، کلاس اور پڑھنے کی سطح اور ضرورت کے لحاظ سے درجہ بندی اس لائبریری کو منفرد بناتی ہے ۔ مزید برآں، لائبریری میں
اعلیٰ قومی یونیورسٹیوں میں داخلے کے امتحانات کے لئے تیاری کا مواد موجود ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بابائے لاسپور لائبریری کے ساتھ رجسٹریشن کے لیے کوئی فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ وقت گزرنے کے ساتھ ہم لائبریری میں مزید کتابیں شامل کریں گےجو طلباء کی تعلیمی ضروریات کے مطابق ہوں گی۔
ان کا کہنا یے کہ لائبریری کا مقصد چترالی نوجوانوں میں کتاب بینی کی عادت ڈالنے کے مواقع اور ماحول فراہم کرنا ہے۔ پاکستان میں تعلیمی نظام میں مختلف سماجی طبقات کے لحاظ سے فرق موجود ہے۔ نتیجتاً غریب اور متوسط طبقے کے بچوں کو بہتر معاشی پس منظر سے تعلق رکھنے والے بچوں کے ساتھ مقابلہ کرنے میں اکثر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اس کی وجہ سے بہت کم متوسط طبقے کے بچے اعلیٰ قومی اور بین الاقوامی یونیورسٹیوں میں جگہ حاصل کر پاتے ہیں۔ ان کو درپیش ایک بڑی رکاوٹ انگریزی زبان میں کمزوری ہے۔ ہم نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ جب تک متوسط طبقے کے بچے پڑھنے کی عادت نہیں ڈالتے، اس رکاوٹ کو دور نہیں کیا جا سکتا ۔تاہم ہمارے سامنے سب سے بڑا چیلنج اپر چترال میں پبلک لائبریریوں کی عدم موجودگی ہے جہاں سے انہیں پڑھنے کے لئے کتابیں
دستیاب ہوسکیں ۔
اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ہم نے پائیدار کمیونٹی لائبریریوں کا تصور دیا ہے۔ ہمارا وژن دیہاتوں میں خاص طور پر غریب اور متوسط طبقے کے بچوں کے لیے کمیونٹی لائبریریاں قائم کرنا ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ بچوں کی تعلیمی ضروریات اور بدلتی دنیا کے تعلیمی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ان لائبریریز میں جدید رجحانات اپنائے جائیں گے۔افتتاحی تقریب میں معززین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔